اسلام آباد (مشرق نیوز) چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی نور عالم خان نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے آڈٹ نہیں کرانا توآئین پاکستان کو پھاڑکرپھینک دیں۔ نور عالم خان کی زیرصدارت پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، رجسٹرار سپریم کورٹ پیش نہیں ہوئے۔ نورعالم خان نے کہا کہ آرمی، اٹامک انرجی کمیشن اور نیب کا آڈٹ ہوتا ہے،کیا سپریم کورٹ پاکستان سے باہرہے؟ امریکہ، چین، بھارت اور کینیڈا میں بھی سپریم کورٹ سمیت سب اداروں کے آڈٹ ہوتے ہیں، آئین کے تحت پی اے سی کسی کو بھی طلب کر سکتی ہے، اگرسپریم کورٹ آڈٹ نہیں کرائے گی تو باقی ادارے بھی آڈٹ نہ کرائیں۔ اجلاس میں ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ شیرافگن پیش ہوئے۔ چیئرمین پی اے سی نے استفسار کیا کہ رجسٹرار کیوں نہیں آئے، ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ آج دستیاب نہیں تھے اس لئے میں آیا۔ نور عالم خان نے کہا پی اے سی میں کسی کو توہین کیلئے نہیں بلاتے صرف چند سوالات کے جواب چاہتے ہیں، ہم لڑائی نہیں آئین کی بالادستی کیلئے بیٹھیں ہیں، ہم ڈیم فنڈ کا اکاونٹ کھولنے کے بارے میں معلومات چاہتے ہیں۔ آپ نے ہمیں دو خط لکھے کہ ہم آپ کے سامنے پیش نہیں ہوں گے ہم ذاتی کام کیلئے نہیں آپ کو آئین کے تحت بلایا۔
سپریم کورٹ نے آڈٹ نہیں کرانا تو باقی ادارے بھی نہ کرائیں:پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی
















