مودی اصل دہشتگرد، قاتل ،قصائی کہتا ہوں تو بھارت رونا شروع کر دیتا ہے،بلاول بھٹو

باغ (مشرق نیوز)چیئرمین پیپلز پارٹی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے میں صرف پاکستان نہیں،آزاد ومقبوضہ کشمیر کابھی وزیر خارجہ ہوں،مسئلہ کشمیر پوری دنیا کیلئے مسئلہ ہے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے، رائے شماری کرائی جائے، کشمیریوں کواپنی قسمت کا فیصلہ خود کرنے دیں،دہشتگردوں کی نہیں، شہیدوں کی نمائندگی کرتے ہیں، مودی حکومت مسلمانوں کو دہشتگرد سمجھتی ہے تو یہ ان کا مسئلہ ہے ،مودی اصل دہشتگرد ہے، بھارت کا چہرہ دنیا کو دکھاتے رہیں گے، کشمیر کے معاملے پر تمام جماعتیں یک زبان ہیں۔

باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا دہشتگرد وہ ہیں جنہوں نے گجرات میں قتل عام کیا، مودی حکومت خطے کے امن میں اصل رکاوٹ ہے، بھارت کا اصل چہرہ دنیا کو دکھاتے رہیں گے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کرائے۔

وزیر خارجہ نے کہا باغ کے شہریوں کا شکر گزار ہوں، باغ کا جوش و جذبہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے، ایک طرف مودی مقبوضہ کشمیر میں ڈرامہ کر رہا ہے، آزاد کشمیر کے عوام احتجاج کر رہے ہیں، باغ کے عوام نے مودی کی جی 20 کانفرنس کا منہ توڑ جواب دےدیا،ہمیں کہا جاتا ہے کیوں بار بار کشمیر کا نام لیتے ہیں تو سن لوکشمیریوں کےساتھ نسلوں کا ساتھ ہے، کشمیریوں کی جدوجہد میں ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں،وزیر خارجہ نے مزید کہاپاکستان کے اندرونی مسائل وقتی ہیں،پاکستان میں موجود ہیں تو سیاسی جماعتوں سے اختلاف ہو سکتا ہے، ملک سے باہرجاتا ہوں تو آپ سب کی نمائندگی کرتا ہوں، بھارتی حکمران جماعت تمام مسلمانوں کو دہشتگرد سمجھتی ہے، دنیا میں کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرتے رہیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہاجب مودی کو قاتل اور قصائی کہتا ہوں تو بھارت رونا شروع کر دیتا ہے، اصل میں بھارت کو پہلے کسی وزیر خارجہ نے آئینہ نہیں دکھایا تھا، بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا،اصل دہشتگرد بھارت ہے، اپنا موقف دنیا کے سامنے رکھتے رہیں گے، دنیا تسلیم کر چکی کشمیر عالمی مسئلہ ہے، پاکستان دہشتگرد نہیں امن پسند ملک ہے، دہشتگرد وہ ہے جو سمجھوتہ ایکسپریس، گجرات میں دہشت گردی کرتے ہیں، دہشتگرد تنظیمیں وہ ہیں جنہوں نے بھارت میں اقلیتوں کا جینا حرام کر دیا، بھارت 5 اگست کا اقدام واپس لے بات چیت کیلئے تیار ہیں،مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کرائے تاکہ کشمیری عوام اپنے فیصلے خود کریں، جلد کشمیری عوام رائے شماری کا ہتھیار استعمال کر کے آزادی حاصل کریں گے،ایک ہی نعرہ رائے شماری ہے۔