چودھری وجاہت،سعیدالحسن شاہ،فیض کموکا بھی پی ٹی آئی سے ا ڑن چھو

لاہور(خبر نگار،اپنے نمائندے سے)چودھری وجاہت،سعیدالحسن شاہ،فیض کموکا بھی پی ٹی آئی سے ا ڑن چھو،تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے ہمراہ تحریک انصاف کا ساتھ دینے والے چودھری وجاہت نے بھی راہیں جدا کرلیں

وجاہت اپنے بھائی چودھری شجاعت سے ملاقات کیلئے مسلم لیگ ق ہاوس پہنچے ،سابق وزیراعظم نے ہاتھ ملا کر استقبال کرتے ہوئے خوش آمدید کہا،اس موقع پر چودھری شجاعت نے کہاملک توڑنے کی نہیں بلکہ جوڑنے کی سیاست کی ضرورت ہے، ملکر پاکستان کو معاشی مشکلات سے باہر نکالنا ہے۔

چودھری وجاہت نے پی ٹی آئی چھوڑنے کااعلان کرتے ہوئے کہامیرا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق رہا نہ واسطہ، آنے والے وقت میں پورے خاندان کو اکٹھا دیکھ سکتے ہیں،پورا پاکستان 9 مئی کے واقعات کی مذمت کررہا ہے، 9 مئی واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں،ہوسکتا ہے جنہوں نے خاندان میں دراڑیں ڈالیں وہی ٹھیک کر رہے ہوں، مجھ سے منسوب کی جانے والی باتیں درست نہیں،برملا کہتا ہوں مونس الٰہی سے کافی عرصے سے کوئی رابطہ نہیں،پرویز الٰہی سے کہتا ہوں دراڑ کو ختم کرتے ہوئے خاندان کےساتھ چلیں۔

ادھر سابق صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاملکی مفاد میں تمام سیاسی اکابرین اپنی اناﺅں کو قربان کریں،پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے لاتعلقی کرتا ہوں۔

دریں اثنافیصل آباد سے پی ٹی آئی مغربی پنجاب کے صدر فیض کمو کا نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاتحریک انصاف اور عمران خان کو چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، سیاست پوری ایمانداری کے ساتھ کی، جتنی دیر بھی سیاست کی فرائض ایمانداری سے نبھائے، سیاسی جدوجہد پرامن طریقے سے ہونی چاہئے، تشدد نہیں ہونا چاہئے،9 مئی کا سانحہ ملکی تاریخ میں سیاہ دن ہے، ملک کے اثاثے کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔