فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث خواتین کو ہر صورت گرفتار کیا جائےگا،محسن نقوی

لاہور (خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مرد پولیس اہلکارو ں کو خواتین کی حراست سے روکدیا،نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث خواتین کو ہر صورت گرفتار کیا جائےگا، فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث خواتین کسی رعایت کی مستحق نہیں ۔

نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی مقدمات میں ملوث خواتین کی گرفتاری لیڈیز پولیس کے ہمراہ یقینی بنائی جائے اور کوشش کی جائے گرفتار خواتین کو لیڈیز پولیس سٹیشن میں رکھا جائے،انہوںنے کہا اے ٹی سی(انسداد دہشت گردی) کی دفعات کے تحت درج ایف آئی آرز میں شامل خواتین کو بھی گرفتار کیا جائےگا،فوجی مقامات پر حملوں خاص طور پر جناح ہا وس کے اندر و باہر موجود خواتین کو لیڈیز پولیس سٹیشن میں آکر خود گرفتاری دینے کی صورت میں رعایت دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

دریں اثنانگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے زرغون میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 3جوانوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا،محسن نقوی نے کہاشہید جوانوں کی بہادری کوسلام پیش کرتے ہیں، شہید ہونےوالے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں ، شہدا نے وطن عزیز کے امن کےلئے جان کی قربانی دی۔