اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)شیریں مزاری کی دوبارہ گرفتاری پر آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کا نوٹس جبکہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے حکومت نے آئینی عدالت کےخلاف مہم لانچ کررکھی ہے، کوشش کی جارہی ہے عدالتی رٹ کو شکست دی جائے۔
ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود شیریں مزاری کی گرفتاری کےخلاف درخواست پر سماعت کی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کیسز پرعدالت کے تحفظات ہیں ، حکومت نے کوشش کی ہے عدالتی رٹ کو شکست دی جائے،کہتے ہیں سولائزڈ ملک ہے ،کورٹ آرڈرز کےساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ ثابت نہیں کرتا ، آئینی عدالتوں کےخلاف مہم لانچ کی گئی ،عدالتیں قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی کےلئے بیٹھی ہیں ،مہم چلانے والے کل انہیں عدالتوں سے اسی طرح ریلیف لے رہے تھے۔
ججز ٹاک شوز نہیں کر سکتے وہاں بیٹھ کر دفاع نہیں کر سکتے ہماری طاقت بار ہے !اٹارنی جنرل صاحب آپ ہیں ، عدالت کی رٹ ملک کا وقار ہے ،پر تشدد واقعات کی کوئی توجیہہ پیش نہیں کی جاسکتی، کیا وجہ ہے آئینی ادارے کے حکم کو ہوا میں اڑایا جا رہا ہے، سنگین معاملے کو اٹارنی جنرل اعلیٰ اتھارٹی کے سامنے رکھیں،اٹارنی جنرل نے کہا ملک آئین کے تحت ہی چلنا ہے ، عدالتیں و تمام آئینی اداروں نے آئین کے اندر رہ کر ہی کام کرنا ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بات کرتے جذباتی ہو گئے اور کہاوقت گزر جائے گا لیکن اثرات ملک پر برقرار رہیں گے ، دھبے ہمیشہ رہیں گے، خدمت کےلئے بیٹھے ہیں ،جمہوریت میں رہ رہے ہیں، آئینی عدالتوں کےخلاف مہم سے بھی واقف ہیں جو بھی ہوا وہ سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
عدالت نے کہا پنجاب پولیس ڈائریکٹ اسلام آباد سے کسی کو گرفتار نہیں کر سکتی ، بادی النظر میں اسلام آباد پولیس خود کو الگ نہیں کر سکتی ، کیا پنجاب پولیس کو اسلام آباد نے بلایا تھا کہ عدالت نے گرفتاری سے روکا ہوا ہے ؟،اٹارنی جنرل نے کہا نہیں ہونا چاہیے تھا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پوچھا عدالتی حکم کے باوجود شیریں مزاری کو پنجاب پولیس کے حوالے کیوں کیا ؟،اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیر تک آئی جی اسلام آباد سے جواب طلب کرلیا۔
دریں اثنا ملیکہ بخاری اورعلی خان کی دوبارہ گرفتاری پرتوہین عدالت کی درخواست پرسماعت ہوئی، عدالت نے اٹارنی جنرل، آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیااورسماعت 23 مئی تک ملتوی کردی۔
ادھر لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے پی ٹی آئی کے نظربند رہنماوں و کارکنوں کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور استفسار کیا بغیر مقدمات کے رہنماوں و کارکنوں کوحراست میں کیوں رکھا گیا ،عدالت نے شیریں مزاری کے وکلا کوجیل میں ملاقات کی اجازت بھی دےدی۔
عدالتی رٹ کو شکست دینا حکومتی کوشش،وقت گزر جائےگا،دھبے ہمیشہ رہیں گے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب



















