عسکری و سول تنصیبات پر حملے پاکستان کےخلاف جنگ کے مترادف ہے،خواجہ آصف

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے عسکری و سول تنصیبات پر حملے پاکستان کےخلاف جنگ کے مترادف ہے،انتخابات اکتوبر میں وقت پر ہوں گے،سیاسی بحران ضرور ہے لیکن جلد قابو پا لیا جائےگا۔

عالمی نشریاتی ادارے ”الجزیرہ“کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاسیاسی اختلافات ضرور ہیں لیکن مطلب یہ نہیں سرکاری و عوامی املاک پر حملے کئے جائیں، پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عسکری تنصیبات سمیت عوامی و سرکاری املاک پر حملے کئے ایسا عمل پاکستان کےخلاف جنگ کے مترادف ہے،9 مئی کو راولپنڈی، میانوالی اورلاہور میں پرتشدد واقعات کے دوران پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے عسکری تنصیبات پر حملے کئے، عسکری و سول تنصیبات پر حملے کرنےوالے ملک دشمن ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا پاکستان میں پہلے بھی گرفتاریاں ہوتی رہی ہیں، میں بھی گرفتار ہوا تھا، میرا لیڈر و سیاسی پارٹی کے کئی لوگ بھی گرفتار ہوئے لیکن کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی،کبھی عسکری و سول تنصیبات پر حملے نہیں کئے،وزیردفاع نے کہا حملوں کے ٹرائل آئین میں دیئے گئے طریقہ کار کے مطابق ملٹری کورٹس کے تحت ہوں گے، نئی عدالتیں اور نئے قوانین نہیں بنا رہے، پہلے سے قوانین موجود ہیں،ملزموں کے پاس ہائیکورٹس اور پھر سپریم کورٹ میں اپیل کا حق ہوگا،آئندہ چند دنوں میں حالات معمول پر ہوں گے۔