دشمن کے نہ کرسکنے والا کام سیاسی گروہ نے کردکھایا،آئی ایس پی آر

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) پاک فوج نے کہا ہے پی ٹی آئی چیئر مین کی گرفتاری کے بعد منظم طریقے سے آرمی کی املاک اور تنصیبات پر حملے کرائے گئے اور فوج کے خلاف نعرے بازی کی گئی جو کام ملک کے ابدی دشمن 75 سال نہ کرسکے وہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ایک سیاسی لبادہ اوڑھے ہوئے گروہ نے کر دکھایا ۔

فوج نے اپنی ساکھ کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں انتہائی صبر اور برداشت سے کام لیا جو سہولت کار، منصوبہ ساز اورسیاسی بلوائی ان کارروائیوں میں ملوث ہیں ،شناخت کرلی گئی ،قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائےگی اور تمام شرپسند عناصر اب نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے، تمام قانون نافذ کرنےوالے اداروں، فوجی و ریاستی تنصیبات اور املاک پر کسی بھی مزید حملے کی صورت میں شدید ردعمل دیا جائےگا جس کی مکمل ذمہ داری اسی ٹولے پر ہوگی جو پاکستان کو خانہ جنگی میں دھکیلنا چاہتا ہے، کسی کو بھی عوام کو اُکسانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،9 مئی کا دن سیاہ باب کی طرح یاد رکھا جائےگا۔

اعلامیہ میں کہا گیا چیئرمین تحریک انصاف کو نیب اعلامیے کے مطابق گزشتہ روز (9 مئی ) کواسلام آباد ہائیکورٹ سے قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا، گرفتاری کے فوراً بعد منظم طریقے سے آرمی کی املاک و تنصیبات پر حملے کرائے گئے اور فوج مخالف نعرے بازی کرائی گئی،ایک طرف تو شرپسند عناصر عوامی جذبات کو اپنے محدود اور خودغرض مقاصد کی تکمیل کیلئے بھرپور طور پر اُبھارتے ہیں اور دوسری طرف لوگوں کی آنکھوں میں دھول ڈالتے ہوئے ملک کیلئے فوج کی اہمیت کو بھی اُجاگر کرتے نہیں تھکتے جو دوغلے پن کی مثال ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہاجو کام ملک کے ابدی دشمن 75 سال میں نہ کرسکے وہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا سیاسی لبادہ اوڑھے گروہ نے کر دکھایا ،فوج نے انتہائی تحمل، بردباری اور برداشت کا مظاہرہ کیا اور اپنی ساکھ کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں انتہائی صبر اور برداشت سے کام لیا،مذموم منصوبہ بندی کے تحت پیدا کی گئی اِس صورتحال سے یہ گھناﺅنی کوشش کی گئی کہ آرمی اپنا فوری ردِ عمل دے جس کو اپنے مذموم سیاسی مقاصد کےلئے استعمال کیا جاسکے۔

اعلامیے میں مزید کہاگیاآرمی کے میچور رسپانس نے سازش کو ناکام بنا دیا، اچھی طرح علم ہے پیچھے پارٹی کی کچھ شرپسند لیڈرشپ کے احکامات، ہدایات اور مکمل پیشگی منصوبہ بندی تھی اور ہے جو سہولت کار، منصوبہ ساز اور سیاسی بلوائی کارروائیوں میں ملوث ہیں شناخت کرلی ،قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائےگی اور تمام شرپسند عناصر اب نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے۔

فوج بشمول تمام قانون نافذ کرنےوالے اداروں، فوجی و ریاستی تنصیبات اور املاک پر کسی بھی مزید حملے کی صورت میں شدید ردعمل دیا جائےگا جس کی مکمل ذمہ داری اسی ٹولے پر ہوگی جو پاکستان کو خانہ جنگی میں دھکیلنا چاہتا ہے اور برملہ و متعدد بار اظہار بھی کرچکا ہے،کسی کو بھی عوام کو اُکسانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔