صنعتی فروغ ،برآمدات میں اضافے کیلئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی ناگزیر ہے:ایس ایم تنویر

لاہور (کامرس رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے نگران صوبائی وزیر مواصلات و ایکسائز بلال افضل کے ہمراہ بکھی پاور پلانٹ شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر، جنرل منیجر آپریشنز اور ڈائریکٹر ایڈمن قائداعظم تھرمل پاور کمپنی نے بھکی پاور پلانٹ آمدپر صوبائی وزراءکا استقبال کیا۔ چیئرمین شیخوپورہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز منظور الحق ملک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس میاں نذیر احمد، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر فیصل جاوید اور ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز تنویر احمد بھی صوبائی وزراءکے ہمراہ تھے۔ نگران وزراءنے بھکی پاور پلانٹ کے مختلف شعبہ جات میں جا کر توانائی کی ہیداوار کے مختلف مراحل کا جائزہ لیا اور اور گیس ٹربائنز کا معائنہ کیا۔ جنرل منیجر آپریشنز قائداعظم تھرمل پاور کمپنی نے نگران وزراءکو پاور پلانٹ میں بجلی کے پیداواری عمل اور پلانٹ کی پیدواری صلاحیت سے آگاہ کیا اور تفصیلی بریفنگ دی۔ نگران وزراءنے بھکی پاور پلانٹ کی پیداواری صلاحیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ صنعت کی حقیقی معنوں میں ترقی اور برآمدات میں اضافے کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی سے زیادہ اہم بجلی کی بلاتعطل فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ ایک صنعتی شہر ہے شیخوپورہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں ملک کی ترقی اور معیشت کے استحکام کیلئے کام کرنےوالے متعدد کارخانے اور فیکٹریاں واقع ہے۔ شیخوپورہ کے صنعتی شہر ہونے کے لحاظ سے یہ پاور پلانٹ انتہائی اہم جگہ پر واقع ہے اور شعبہ صنعت کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک کی حقیقی معنوں میں ترقی اور معیشت کے استحکام کیلئے بجلی کی پیداواری صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ صنعت کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کی صورت میں ہی ملک کی معیشت کو استحکام دیا جا سکتا ہے۔صوبائی وزراءنے شجر کاری کے حوالے سے بھکی پاور پلانٹ میں پودے بھی لگائے۔