مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی : بیرسٹر عامر حسن
لاہور (قاسم رضا سے) بلاول بھٹو زرداری کے کامیاب دورہ بھارت پر انہیں پوری قوم اور تمام سیاسی رہنماﺅں نے خراج تحسین پیش کیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا مگر بھارت میں بی جے پی اور پاکستان میں پی ٹی آئی کو بہت تکلیف ہو رہی ہے ۔ بھارت کے شہر گوا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پاکستان کی شرکت پر پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے تنازعہ پیدا کرنے کی کوشش پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر عامر حسن نے روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی بھارت میں حق کی دبنگ آواز سے نریندر مودی اور جے شرما کی تکلیف تو سمجھ میں آتی ہے مگر عمران خان کے پیٹ میں مروڑ اٹھنا سمجھ سے باہر ہے مگر اس میں حیرت کی بھی کوئی بات نہیں کیونکہ عمران خان جب اقتدار میں تھے تو انہوں نے تب بھی کچھ ایسا ہی کیا تھا عمران خان کو ماضی میں بھی ملک کی اہم خارجہ پالیسی کے مفادات کو نقصان پہنچانے میں کوئی عار نہیں تھا۔بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ دورہ بھارت میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کئی مواقع پر یو این قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل پرزور دیا۔ بلاول بھٹو زرداری کے خیالات کو تشدد کے خطرے سے جوڑنا انتہائی غیرذمہ دارانہ فعل ہے ۔ مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ پاکستان کا مو¿قف واضح ہے کہ اگست 2019ءمیں بھارت کے اقدام سے معاملات مشکل ہوگئے اور مقبوضہ کشمیر پر یکطرفہ فیصلے کر کے بھارت نے تعلقات کو نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کریں کشمیریوں کو حق خودارادیت کا ان کا پیدائشی حق دیا جائے۔ آر ایس ایس سے متاثر بھارتی حکومت نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کو قتل کے میدان میں تبدیل کر دیا ہے۔



















