121 مقدمات، لاہور ہائیکورٹ کی چیئرمین تحریک انصاف کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت

لاہور (مشرق نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کر دی۔ عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنماﺅں پر 121 مقدمات کے اندراج کےخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے عمران خان کو تمام مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دےدیا۔ عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ہم جمعہ کو شامل تفتیش ہو جائیں گے۔ بنیچ نے ہدایت کی کہ جمعہ کے روز 2 بجے عمران خان پولیس تفتیش جوائن کریں، پنجاب حکومت تفتیش مکمل کر کے 8 مئی تک مکمل رپورٹ جمع کرائے۔ لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ71 سال کی عمر تک ان کےخلاف کوئی کیس نہ تھا۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے سوال کیا کہ حکومت بدلنے سے کیس کیوں ہو رہے ہیں، وہ یہ کہہ رہے ہیں انہیں انتخابات سے دور رکھنے کیلئے یہ ہو رہا ہے۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ عدالت سے اضافی ریلیف چاہ رہے ہیں کیونکہ وزیراعظم رہے ہیں، یہ اضافی ریلیف چاہ رہے ہیں کیونکہ پارٹی سربراہ ہیں، ورلڈکپ جیتا ہے۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ جو ہو رہا ہے کیا یہ روایت ختم نہیں ہونی چاہیے، سزائے موت پانے والوں کے بھی حقوق ہوتے ہیں۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ اگر عمران خان آرام سے آنا چاہتے تو کچھ نہیں ہوتا، پہلے رات کو آتے تھے اور ہنگامہ ہوتا تھا۔ جسٹس علی باقر نے سوال کیا کہ کتنے کیس ان کے خلاف ہیں اور ان کی کیا اسٹیجز ہیں؟ پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ عمران خان ایک بھی کیس میں شامل تفتیش نہیں ہوئے۔ جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ شامل تفتیش ہونے کیلئے ضمانت لیتے ہیں، ہم آپ کو وقت دیتے ہیں، تمام کیسوں میں شامل تفتیش ہو جائیں۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونا ضروری ہے۔ جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ آپ اپنے تک پہنچنے نہیں دیتے اسلئے ایک نئی ایف آئی آر ہو گئی۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ویڈیو لنک کے ذریعے کر لیں، ہم سب کیسوں میں شامل تفتیش ہو جائیں گے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم ضابطہ فوجداری اور قانون کے تحت کام کرنے کو تیار ہیں۔ ہائیکورٹ نے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔