یوم مزدور پر ریلی نکالنے پر الیکشن کمیشن کاعمران خان کو نوٹس

اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،خبر نگار،اپنے نمائندے سے)یوم مزدور پر ریلی نکالنے پر الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس بھیج دیا،الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس ضابطہ اخلاق کی شقوں کی خلاف ورزی پر جاری کیا گیا۔

نوٹس چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے نام جاری کیا گیا ، نوٹس میں کہا گیا جلسے جلوسوں اور ریلیوں کیلئے ضلعی انتظامیہ سے اجازت لینا ضروری ہے،سیاسی جماعتیں اور امیدوار ریلیوں اور جلسوں سے قبل از وقت مقامی انتظامیہ کو آگاہ کرنے کے پابند ہیں تاکہ مناسب سکیورٹی و دیگر ضروری انتظامات کیے سکیں۔

دوسری جانب رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہاہے الیکشن کمیشن کا نوٹس غیر قانونی ،واپس لیا جائے،الیکشن کمیشن ہر قدم سے ثابت کر رہا ہے وہ جانبدار ہے،یکم مئی کو مزدوروں سے اظہار یکجہتی کیلئے سماجی و سیاسی جماعتیں ریلیاں نکالتی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا حیران کن بات ہے کہا جائے یکم مئی کو ریلی نہیں نکال سکتے،الیکشن کمیشن سوائے الیکشن کے ہر کام کرانا چاہ رہا ہے، پاکستان میں کیا جمہوریت ہے، الیکشن کمیشن ملک کو کدھر لیکر جانا چاہتا ہے۔