اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،خبر نگار)وفاقی حکومت کاپرویزالٰہی کے گھر پر حملے سے اظہار تعلقی ،پی ٹی آئی کامذاکرات جاری رکھنے کااعلان،تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین و مذاکراتی ٹیم کے سربراہ شاہ محمود قریشی سے رابطہ کرکے پرویز الٰہی کے گھر پولیس حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کارروائی وفاقی حکومت نہیں نگراں حکومت کی جانب سے کی گئی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے ، چادر چار دیواری کی پامالی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا گھر پر حملے سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں،شاہ محمود قریشی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پرویز الٰہی کے گھر پر غیرقانونی حملے پر تحریک انصاف ،پرویز الٰہی خاندان کے جذبات سے آگاہ کیا،اسحاق ڈار نے کہاپی ٹی آئی کے جذبات سے اپنی قیادت کو آگاہ کرکے جلد دوبارہ رابطہ کرونگا۔
ادھر وزیر داخلہ رانا ثنا ءنے کہا پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے کامجھے علم نہیں تھا، آپریشن کا میڈیا پر نشر ہونےوالی خبروں کے بعد علم ہوا،پولیس کو گھر میں داخل نہیں ہونا چاہیے تھا، قانون کسی کا دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیتا، پرویز الٰہی کو اگر گرفتار کرنا تھا تو آزادانہ نقل و حرکت کے وقت بھی کیا جاسکتا تھا، گزشتہ روز ہونےوالی کارروائی کا حکومت ،پی ٹی آئی مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ،مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان بات طے ہوچکی الیکشن ایک ہی دن ہونے چاہئیں، اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے کے بعد ہی الیکشن کرائیں گے کیونکہ اپوزیشن کی جانب سے بھی ایک ہی دن الیکشن کی تائید کی گئی۔
اس سے قبل پی ٹی آئی نے حکومتی مذاکراتی ٹیم سے رابطہ کیا ،فواد چودھری نے سعد رفیق ،اعظم نذیر تارڑ سے معاملے پر تبادلہ خیال کیا،فواد چودھری نے مذاکرات کے دوران چھاپے و انتقامی کارروائیوں پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا مذاکرات و انتقامی کارروائیاں ایک ساتھ نہیں چل سکتے،فواد چودھری نے کہا خوشگوار ماحول میں مذاکرات ہورہے تھے تو پرویز الٰہی کے گھر پر انتقامی کارروائی کیوں ہوئی؟،ذرائع کے مطابق فواد چودھری کی ناراضی پروفاقی وزرائ،اعظم نذیرتارڑ ،سعد رفیق نے معاملہ سلجھانے کی یقین دہانی کرادی۔
ادھر پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پرویز الٰہی کے اہلخانہ سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاپرویز الٰہی کے گھر پر حملے سے ماحول بگڑا ،ساز گار نہیں ہوا ،شہبازشریف،محسن نقوی حملے کی ذمہ داری لیں یا لا تعلقی کریں ،نیک نیتی کےساتھ مذاکرات میں بیٹھے ،خواجہ آصف کو محتاط بات کرنی چاہیے مذاکرات کے قائل نہیں تو اسحاق ڈار کو کہیں مذاکرات سے اٹھ جائیں ،زبردستی تو نہیں بٹھایاجو کچھ ہوا مذمت مناسب لفظ نہیں ، حیران ہوں اسی گھر میں حکومتی اتحادی بھی ہیں، چودھری شجاعت کی فیملی کے گھروں پر بھی حملہ کیا گیا۔
مزید برآں پی ٹی آئی نے ملک میں ایک ہی روز الیکشن کے معاملے پر حکومت کےساتھ مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا،چیئرمین تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مرکزی رہنماﺅں کا اجلاس زمان پارک میں ہوا، شاہ محمود قریشی ،فواد چودھری ،شبلی فراز، سینیٹر اعظم سواتی، اعجاز چودھری ،حماد اظہر، محمود خان بھی شریک ہوئے،اجلاس کے دوران عمران خان کو حکومت کےساتھ مذاکرات پربریفنگ دی گئی ،مختلف تجویز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی رہائشگاہ پر آپریشن کی بھرپور مذمت کی گئی،ذرائع کے مطابق رہنماﺅں نے رائے دی چودھری پرویز الٰہی کے گھر آپریشن مذاکرات پی ٹی آئی کی طرف سے ختم کرانے کی سازش ہو سکتا ہے، مذاکرات ختم کرنے پر سپریم کورٹ میں حکومت کو موقع مل سکتا ہے،رہنماﺅں نے رائے دیتے ہوئے کہا مذکرات کو حتمی بنانے کےلئے معاملے کو زیادہ طول نہیں دینا چاہیے ، تجویز پر عمل نہ ہو تو مذکرات ختم کیے جاسکتے ہیںفی الحال حکومت کےساتھ مذکرات جاری رکھے جائیں۔
پرویزالٰہی کے گھر پر حملے سے تعلق نہیں،وفاق ،مذاکرات جاری رکھیں گے،پی ٹی آئی
















