لاہور(نمائندہ خصوصی)نگران صوبائی وزیر برائے ہاو¿سنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بیرسٹر سید اظفر علی ناصر کی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر آمد، اس موقع پر کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے صوبائی وزیر کا استقبال کیا۔صوبائی وزیر بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے کے ہمراہ ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا دورہ بھی کیا۔صوبائی وزیر نے ون ونڈو سیل میں قائم سینئر سٹیزن سنٹر کا بھی جائزہ لیا، انہوںنے شکایات کے ازالے کیلئے ون ونڈو سیل میں خصوصی کاو¿نٹر قائم کرنی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شکایات کے ازالے کیلئے ایک افسر کو بھی تعینات کیا جائے۔صوبائی وزیر نے شہریوں کی شکایات سنیں اور افسران کو ان کے حل کیلئے ہدایات بھی دیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہاو¿سنگ سید اظفر علی ناصر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے مسائل میرٹ پر حل کئے جائیں گے۔وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی کا کرپشن پرزیروٹالرنس کا مشن ہے۔ جو رشوت مانگتا ہے میرے پاس آئے، سخت کارروائی کی جائے گی۔ افسران کو کہہ دیا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ نے کرپشن کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بلڈنگ پلان میں منظور شدہ پارکنگ کی جگہ سے تجاوزات ہٹانے کے لیے شہر میں جامع آپریشن شروع کیا جا رہا ہے۔ منظور شدہ پارکنگ کی جگہ پر ہرگز تجاوزات قائم نہیں کرنے دیں گے۔پارکنگ کی جگہ پر تجاوزات ہٹانے کیلئے عید سے قبل ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔اس آپریشن کا مقصد یہ ہے کہ کارپارکنگ کیلئے مختص جگہ کسی اور استعمال میں نہ لائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ جب تک یقین دہانی نہیں کروائی جائے گی اس وقت تک سیل کی گئی عمارتوں کو ڈی سیل نہیں کیاجائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جب تک ہم اس منصب پرفائز ہیں عوام کے مفاد میں کام کریں گے۔ شہر کی ٹریفک ، ماحولیاتی آلودگی اور گرینری بڑھانے کیلئے یہ آپریشن کیا جا رہا ہے اور آپریشن بلا امتیاز جاری رہے گا، کسی کی سفارش مانی نہیں جائے گی۔ صوبائی وزیر ہاو¿سنگ سید اظفر علی ناصر نے بتایا کہ غیر قانونی ہاو¿سنگ سکیموں کے خلاف بھی سخت اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کمشنر لاہورمحمد علی رندھاوا اوران کی ٹیم کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم دن رات کام کر رہی ہے۔کمشنرلاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ لاہور برج، سمن آباد انڈر پاس، شاہدرہ فلائی اوور اورسی بی ڈی انڈر پاس پر عید کی تعطیلات میں بھی ترقیاتی کام جاری رہا۔انہوںنے کہا کہ 30 مئی تک لاہور برج اور سمن آباد کے منصوبے مکمل کرلئے جائیں گے۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوانے بتایا کہ پارکنگ کی جگہ پر تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس آپریشن سے بہت بہتری آئے گی۔کمشنر لاہور نے کہا کہ شہر کی 9 ماڈل شاہراہوں کے ساتھ ساتھ پورے شہر میں تجاوزات کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ آپریشن میں ایم سی ایل، ایل ڈی اے، ایل ڈبلیو ایم سی، واسا، ضلعی انتظامیہ اور تمام محکمے مل کر کام کر رہے ہیں۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کا مقصد سزا دینا نہیں بلکہ تصحیحی اقدام کرنا ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ لاہور کے علاوہ قصور ،شیخوپورہ، ننکانہ میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جارہی ہے۔ بڑے سائز کے پودے لگائے جائیں گے اور لاہور شہر کی رونقوں کو بحال کیا جارہا ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ تجاوزات کے بعد اگلے اقدام میں غیر قانونی ہاو¿سنگ سوسائٹیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
منظور شدہ پارکنگ کی جگہ پر تجاوزات کےخلاف آپریشن بلاتفریق جاری رہےگا :اظفرعلی ناصر
















