انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے،حکمران اتحاد

اسلام آباد(بیورورپورٹ)انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے،حکمران اتحاد کااعلان ،توہین پارلیمنٹ پر 3 شخصیات کو طلب کرنے سمیت اہم فیصلے،وزیراعظم پر مکمل اظہار اعتماد،تمام فیصلوں کااختیار تفویض جبکہ شہبازشریف نے کہاہے ثالثی یا پنچایت سپریم کورٹ کاکام نہیں،وفاقی کابینہ نے الیکشن فنڈز کی سمری کو پھر پارلیمنٹ کے سپرد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق حکمران جماعتوں کے سربراہوں کا اعلیٰ سطح اہم مشاورتی اجلاس وزیراعظم ہاوس میں ہوا،فضل الرحمن، بلاول بھٹو زر داری ، میاں افتخار، خالد مقبول صدیقی، آفتاب شیرپاو، خالد مگسی، آغا حسن بلوچ، چودھری سالک ، طارق بشیرچیمہ، ساجد میر، حافظ عبدالکریم، مریم اورنگزیب، اعظم نذیر تارڑ، رانا ثناء، قمر زمان کائرہ، ایاز صادق ،اسحاق ڈار سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس کے آغاز میں سابق وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی ملک وملت کےلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیاگیا،کابینہ اراکین نے تھانہ سی ٹی ڈی ،کبل، سوات سانحہ پر افسوس واہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے دہشتگردی کےخلاف جنگ کے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے صبر کےلئے بھی دعا کی،دہشتگردی کے خاتمے اور ملکی دفاع وسلامتی کےلئے برسرپیکار افواج کے افسروں و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیاگیا، اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیاگیا اور خاص طورپر سپریم کورٹ کے متنازع و یکطرفہ بنچ کے فیصلوں سے پیدا ہونے والے امور پر مشاورت کی گئی ،موجودہ حکومت کی آئینی مدت کی تکمیل پر ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کے معاملے پر پہلے سے جاری مشاورتی عمل کو اگلے مرحلے میں لیجانے، قائم کردہ کمیٹی کی مشاورت و دیگر سیاسی رابطوں کے تناظر میں مستقبل کی حکمت عملی پر غور ہوا۔

حکمران اتحاد نے متفقہ فیصلہ کیا موجودہ حکومت کی آئینی مدت کی تکمیل پر ایک ہی دن ملک بھر میں انتخابات کرانا بنیادی نکات ہیں،اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں موجودہ حکومت کی آئینی مدت کی تکمیل پر ایک ہی دن ملک بھر میں الیکشن کرانے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا،اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم شہبازشریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور درپیش صورتحال میں تمام فیصلوں کا اختیاروزیراعظم کو تفویض کردیا، اجلاس نے قراردیا وزیراعظم شہبازشریف جو بھی فیصلہ کریں گے، اتحاد کی تمام جماعتیں بھرپور ساتھ دیں گی۔

اعلامیہ میں کہا گیاملک میں ایک ہی دن شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کیلئے حکمران جماعتیں اپنے اندر سیاسی مشاورت کا عمل پہلے سے ہی شروع کرچکیں اور نشاندہی کرتی ہیں خالصتا ً سیاسی معاملے میں سپریم کورٹ کا پنچایت کا کردار غیر مناسب ہے، انتخابات کےلئے بات چیت، افہام وتفہیم یا اتفاق رائے پیدا کرنے کاعمل سیاسی جماعتوں کا کلی دائرہ کارہے جسے برسوں سے بخوبی و کامیابی سے ادا کرتی آرہی ہیں ،جلاس نے معاملے کو اسی دائرے میں رکھنے پر اتفاق کیا۔

اجلاس نے سپریم کورٹ کے مورخہ 19 اپریل کے فیصلے پر بھی غور کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیاکہ سپریم کورٹ نے آئینی طریقہ کار کو پس پشت ڈالتے ہوئے پھر حکم جاری کردیا وفاقی حکومت قومی اسمبلی کی منظوری کے بغیر رقم جاری کرے جو آئین میں دی گئی سکیم سے متصادم ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے میں اس آبزرویشن پر بھی افسوس کا اظہار کیاگیا کہ وزیراعظم ایوان کی اکثریت و اعتماد کھوچکے ہیں،آبزوریشن پارلیمان ،وزیراعظم کی توہین کے مترادف اور قابل مذمت ہیں، سپریم کورٹ پارلیمان،ایوان کی رائے کا احترام کرے، پارلیمان وزیراعظم کےساتھ کھڑی ہے اور مکمل اعتماد کرتی ہے، اجلاس نے سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار، وکیل خواجہ طارق رحیم اور اہلیہ کی سامنے آنے والی آڈیوز پر بھی غور کیا ۔

آڈیو میںسامنے آنے والی گفتگو کے نکات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے کہا گیاگفتگو سے سازش آشکار ہوگئی ،آڈیوز نے تاثر کو مزید تقویت دی فیصلے آئین کے مطابق نہیں بلکہ ذاتی عناد، پسند وناپسند کی بنیاد پر ہورہے ہیں،آڈیوز کے اندر ملک میں مارشل لا لگائے جانے کی غیرجمہوری سوچ کی بھی شدید مذمت کی گئی،کوئی شک نہیں رہتا سابق چیف جسٹس ثاقب نثار منتخب وزیراعظم اور منتخب جمہوری اتحادی آئینی حکومت کےخلاف سازش کے مرتکب ہوئے ،منتخب وزیراعظم کو توہین عدالت کی جعلی ، غیرآئینی وغیرقانونی کارروائی کے ذریعے عہدے سے ہٹانا سنگین وناقابل معافی جرم ہے، اجلاس نے قرار دیا آڈیوز کے سامنے آنے کے بعد 3اور 8رکنی بنچ کے متنازع فیصلوں کے پس پردہ اصل عوامل مزید واضح ہوکر سامنے آگئے،پارلیمان کی قراردادوں پر عمل درآمد کیاجائے۔

ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا الیکشن ایک ساتھ ہونے ہیں یا علیحدہ علیحدہ اورکب ہونے ہیں، فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی،تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کرنے کی کوشش کریں گے لیکن کسی کی ضد، انا اورخواہشات کے مطابق فیصلے نہیں ہوسکتے جبکہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کےلئے پارلیمنٹری کمیٹی کا فورم استعمال کیا جائے گا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا پنجاب میں الیکشن کے لیے فنڈز کے اجرا پرپارلیمنٹ اپنا فیصلہ دے چکی ،پارلیمنٹ کا فیصلہ مقدم ہے، سب کو احترام کرنا چاہیے،ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکمران اتحاد کے اجلاس میں توہین پارلیمنٹ پر 3 شخصیات کو طلب کرنے سمیت اہم فیصلے کیے گئے،ذرائع کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو گااس طرح کی شخصیات کو استحقاق کمیٹی طلب کرے گی ۔

خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا سپریم کورٹ کا کام ثالثی یا پنچایت کرانا نہیں ،آئین و قانون کے مطابق فیصلے دینا ہے،3-4 کا فیصلہ مانتے ہیں، 3-2 یا 5-2کا نہیں،سپریم کورٹ اپنے 3رکنی بنچ کےساتھ معاملات آگے لےکر جانا چاہتی ہے ،فرض بنتا ہے پارلیمنٹ کے فیصلے کااحترام کریں،وزیراعظم نے مزید کہاہر طرح کے حربے استعمال کر کے ملک میں انتشار کے تمام مواقع پیدا کیے گئے، افواج پاکستان کی لیڈر شپ کو بھی معاف نہیں کیا گیا، پی ٹی آئی کے ایجنٹس نے وہ کردار ادا کیا جو دشمن بھی نہیں کر پاتا،مخلوط حکومت کے سربراہوں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں، سب پھر مل بیٹھے ابھی بھی صورتحال بڑی چیلنجنگ ہے،شہباز شریف نے کہا 13اگست کو پارلیمان کی مدت ختم ہوتی ہے، الیکشن کی تاریخ نومبر میں بنتی ہے، ملک میں چیلنجز ہیں۔

پی ٹی آئی نے چیلنجز کو حل کرنے کی تجاویز نہیں دیں، صوبائی وزرا کو کہا گیا آئی ایم ایف کو انکار کر دیں، ڈھٹائی و بے شرمی سے یوٹرن لیا گیا یہ بھی کہا گیا امریکہ نے سازش نہیں کی، سازش پاکستان میں ہوئی، اتحادی حکومت نے خارجہ معاملات کو ٹھیک کرنے کیلئے پورا زور لگایا،معاشرے میں تقسیم در تقسیم کی گئی اور زہر گھولا گیا، تمام معاملات سب کے سامنے ہیں، گفتگو کا دروازہ بند نہیں کرنا چاہیے، پارلیمانی کمیٹی معاملے میں گنجائش پیدا کر سکتی ہے،انا کو اپنا مسئلہ نہیں بنایا، کبھی انہوں نے مناسب نہیں جانا اپنی انا کو نیچے لے آئیں،اتحادی جماعتیں متفق ہیں عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں ،حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کےلئے پرعزم ہے ، تمام فیصلے ملک کے وسیع تر مفاد میں کیے جائیں گے،دوسری جانب وفاقی کابینہ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو فنڈز فراہمی کامعاملہ پھر پارلیمنٹ کے سپرد کردیا۔