سوات:سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکے ،15شہید، متعدد زخمی

سوات(مانیٹرنگ ڈیسک)سوات میں سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکے،اہلکاروں سمیت15افراد شہید،متعدد زخمی،تفصیلات کے مطابق سوات کی تحصیل کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکوں سےاہلکاروں سمیت15افرادشہید ،متعدد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ایک دھماکہ گیٹ دوسرا تھانے کے اندر ہوا،بمبار وں نے خود کو اڑایا،عمارت مکمل تباہ ہوگئی،دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا،اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں وزخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا،متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کاخدشہ ہے۔

سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا،دھماکوں کے فوری بعد علاقے کی بجلی بند ہونے سے امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا،عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، پورے ضلع میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرکے مختلف مقامات پر چیک پوسٹیں بھی قائم کردی گئیں،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خالد سہیل نے حملہ خودکش ہونے کی تصدیق کردی۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم ودیگر سیاسی رہنماوں نے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاملک و قوم کی حفاظت کیلئے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، بزدلانہ کارروائیاں عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں،دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ رانا ثناءنے حکام سے فوری رپورٹ بھی طلب کرلی۔