اسلام آباد (بیورورپورٹ)جنگ زدہ سوڈان سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کا پلان کامیاب ،انخلا شروع،وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق 72 گھنٹے سے جاری خصوصی ہنگامی پلان کی نگرانی براہ راست وزیراعظم شہبازشریف نے کی ،427 پاکستانی بحفاظت پورٹ سوڈان پہنچ گئے ،427 پاکستانیوں کی رہائش، خوراک کا انتظام بھی حکومت نے کیا ،خصوصی طیاروں کے ذریعے پاکستان واپسی بھی شروع ہوگئی۔
پاکستانیوں کی وطن واپسی کےلئے دوست ممالک و خطے میں میں موجود پاکستانی سفارتخانے مدد کر رہے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف نے سوڈان سے پاکستانیوں کے انخلا کے کامیاب پلان پر وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری، سوڈان میں موجود پاکستانی سفیر، وزارت خارجہ کے حکام اور وزیر مملکت حنا ربانی کھر کو شاباشی دی۔
وزیراعظم نے فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل ظہیربابر سدھو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا عسکری حکام و تمام متعلقہ ذمہ داروں نے انخلا کی جامع حکمت عملی تیارکی،وزیراعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی خصوصی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا،وزیراعظم آفس کے مطابق سوڈان میں جنگ کی وجہ سے پاکستانیوں کے انخلا میں مشکلات و خطرات کا سامنا تھا، حکومت نے انخلا کےلئے محفوظ راستوں کا تعین کیا،حکام کے مطابق پاکستانیوں کو چھوٹے چھوٹے گروپس میں خرطوم سے محفوظ مقامات پر پہنچایا جارہا ہے،برادر ممالک سعودی عرب، ترکیہ اور مصر نے پاکستانیوں کے انخلا میں خصوصی معاونت کی۔
شہباز شریف نے پاکستانیوں کے انخلا میں مدد پر سعودی عرب، ترکیہ اور مصرکی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا سوڈان کی صورتحال پر گہری نظر ہے، پاکستانی شہریوں کی بحفاظت سلامتی اور تحفظ کے اقدامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، سوڈان میں موجود پاکستانیوں کا تحفظ اور سلامتی حکومت کی ترجیح ہے،پاکستانیوں کی سلامتی وتحفظ اور جلد انخلا کے معاملے پر دوست ممالک ،اقوام متحدہ کےساتھ رابطے میں ہیں، پاکستان کو یقین ہے سوڈان کے حکام پاکستانیوں کی سلامتی و تحفظ کو یقینی بنانے کےلئے تمام اقدامات کریں گے۔
دریں اثنا وزیراعظم کی ہدایت پر سیکرٹری خارجہ نے پاکستان میں سوڈان کے سفیر سے ملاقات کی، سیکرٹری خارجہ نے سوڈان میں پاکستانی سفارتخانے کےساتھ آن لائن اجلاس بھی کیا اور درپیش صورتحال پر بات چیت کی۔
سوڈان سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کا پلان کامیاب،انخلا شروع



















