ثاقب نثار نے انصاف کے نام پرسیاست کی دکان چمکائی تھی: وزیراعظم

راولپنڈی (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیا ہے کہ آئیں ملکر قائد کا پاکستان بنانے کیلئے اکٹھے ہوجائیں۔ شہباز شریف نے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن ہسپتال میں شعبہ یورالوجی کی سروسز کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کی تعمیر میں 5 ارب روپے لگ چکے ہیں، مریضوں کا شاندار طریقے سے علاج کیا جا رہا ہے، ہسپتال میں تمام سہولیات دیکھ کر خوشی ہے، ہسپتال کا پہلا فیز آپریشنل ہو چکا ہے، پچھلی حکومت نے اس ہسپتال کو بھی ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا تھا۔ انہوں نے سابق چیف جسٹس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ثاقب نثار نے پی کے ایل آئی ہسپتال پر ہونیوالے خرچ پراعتراضات اٹھائے، وہ کہتے تھے20ارب روپے غرق ہوگئے، 20ارب شہباز شریف نے کہاں لگائے، اگر 20ارب ضائع ہوگئے تھے تو یہ ہسپتال کورونا کا سب سے بڑا سینٹر کیسے بن گیا، سیاسی بہتان کیلئے ثاقب نثار ہفتہ اتوار کو بھی عدالت لگاتے تھے، وہ پی کے ایل آئی میں اپنے بھائی کو لگوانا چاہتے تھے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار نے انصاف کے نام پرسیاست کی دکان چمکائی تھی، کوئی بھی حکومت آئے یا جائے صحت کے منصوبوں کوروکانہیں چاہیے، عوامی خدمت کے منصوبوں میں سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہئے، ثاقب نثار جیس لوگوں کی نظربد نہ لگے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ آئیں ملک کو قائد و اقبال کا پاکستان بنانے کیلئے اکٹھے ہوجائیں، اللہ کا نام لےکر آگے بڑھیں، غربت ،جہالت ،بےروزگاری اور بیماری کا خاتمہ کریں، عوامی خدمت کے میدان میں سیاست شجر ممنوعہ ہونی چاہیے، تعلیم و صحت میں سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔