لاہور( خبر نگار)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے سندھ کے عوام عام انتخابات کی تیاری کریں، سندھ کے عوام کو زرداری گروپ سے جلد نجات دلائیں گے،تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے لاہور میں ملاقات کی،خرم شیر زمان نے عمران خان کو سیاسی ورکرز کی گرفتاریوں سے آگاہ کیا، ملاقات میں عمران خان کے متوقع دورہ سندھ پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
عمران خان نے کہا سندھ کے عوام عام انتخابات کی تیاری کریں، زرداری گروپ سے جلد نجات دلائیں گے، سندھ میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں، پی ٹی آئی سندھ میں زرداری گروپ کےخلاف جہاد کر رہی ہے،ووٹ کی طاقت سے زرداری مافیا کو شکست دیں گے، امپورٹڈ حکومت نے انتقامی کارروائیاں تیز کردیں۔
علاوہ ازیںعمران خان نے اپنے اوپر قائم121مقدمات کےخلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا،درخواست میں سیکرٹری داخلہ، وزارت قانون، دفاع، سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، اینٹی کرپشن، نیب، ایف آئی اے، وزیر اعظم، پیمرا اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا۔
عمران خان نے موقف اختیار کیاملک میں مجھ پر 121ایف آئی آر درج کی گئیں، مقدمات کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں درج کئے گئے ، تحریک انصاف کے سپورٹرز کو نظربند اور گرفتار کیا جا رہا ہے، نگران صوبائی حکومت کی جانب سے انتقامی کاروائیاں کی گئیں،درخواست کے فیصلے تک عدالت درج مقدمات میں کارروائی روکنے کا حکم دے۔
مقدمات کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع،سندھ کے عوام کو زرداری گروپ سے نجات دلائیں گے‘ عمران خان
















