لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) اور اے سی سی اے (ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکانٹنٹس) نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے درمیان مالیاتی معاملات کو بہتر بنانے اور آگے بڑھانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔اس ایم او یو پر صدر ایل سی سی آئی کاشف انور اور اے سی سی اے پاکستان کے سربراہ اسد حمید خان نے دستخط کئے۔ا س تقریب میںاے سی سی اے کے صدر جوزف اوولابی اور دونوں اداروں کی سینئر انتظامیہ بھی موجود تھی۔ اس معاہدے کا مقصد ایس ایم ایزکے شعبہ سے منسلک افراد اور کاروباری افراد کے درمیان تعاون اور صلاحیت بڑھانے اور علم کے تبادلے کو فعال کرنے کیلئے طے کیا گیا ہے۔ دونوں ادارے مالی خواندگی کو بڑھانے اور مضبوط ٹیکس کلچر بنانے میں مدد کرنے کے اقدامات کی حمایت کریں گے۔ تقریب کے بارے میں LCCI کے صدر کاشف انور نے کہاکہ میں اس معاہدے پر دستخط کرنے پر نہ صرف LCCI اور ACCA بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرز، تاجر برادری اور ممبر تنظیموں کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ ایل سی سی آئی اور اے سی سی اے کے درمیان موجودہ تعاون کو مضبوط کرےگا اور ایل سی سی آئی کی رکن تنظیموں کو ان کی صلاحیت سازی کی ضروریات خاص طور پر ٹیکسیشن کے حوالے سے مدد فراہم کر یگا۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے اے سی سی اے کے صدر جوزف اوولابی نے کہا کہ ہمیں ایل سی سی آئی کے ساتھ اشتراک کرنے اور پاکستان کے ایس ایم ای سیکٹر میں صلاحیت سازی کی حمایت کرنے پر خوشی ہے۔ ہم ایس ایم ایزکو پیچیدہ مالیاتی منظر نامے پر نیویگیٹ کرنے کیلئے ضروری ٹولز اور مہارتیں فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اے سی سی اے اور ایل سی سی آئی کے درمیان تعاون معیشت میںمثبت تبدیلی لائےگا۔ اس شراکت داری کے بارے میںبات کرتے ہوئے اے سی سی اے پاکستان کے سربراہ اسد حمید خان نے مزید کہاکہ یہ شراکت داری ایس ایم ایزکیلئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے تاکہ وہ پاکستان کی معیشت میںاپنا کردار ادا کر سکیں۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ تعاون ایس ایم ایز کیلئے مزید مواقع فراہم کرے گا، جس سے کاروباری افراد اور پوری معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔
اے سی سی اے پاکستان اور ایل سی سی آئی میں ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے شراکت داری



















