الیکشن کی متفقہ تاریخ کیلئے جماعت اسلامی کا تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطے کا فیصلہ

لاہور (نمائندہ خصوصی) الیکشن کی متفقہ تاریخ کیلئے جماعت اسلامی کا تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطے کا فیصلہ،تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاالیکشن کی متفقہ تاریخ کیلئے تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز سے رابطے کریںگے،سیاسی و معاشی بحرانوں کے بعد پاکستان آئینی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے حکومتی درخواست مسترد کی گئی اب حکومت نے اعلان کیا 3 رکنی بنچ کو مسترد کرتے ہیں، ایک دوسرے کو مسترد کرنے کا کھیل جاری ہے،قوم مثبت پیشرفت کو ترس رہی ہے ملک ایسے نہیں چلے گا۔

سراج الحق نے مزید کہا ایوانوں میں لڑائیاں ہیں اور عدالتوں میں بھی، مسئلہ حل کرنا ہوگا، لڑنے اور دست و گریبان رہنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، جماعت اسلامی سمجھتی ہے مسئلے کا حل ڈائیلاگ ہے، سب میں نقصان غریب عوام ،پاکستان کا ہو رہا ہے، سیاست کے مسائل عدالتوں میں حل نہیں ہوسکتے۔

جماعت اسلامی تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دے رہی ہے، عوام ہی ملک کے اصل وارث ہیں، مسائل کا حل مارشل لا ہے نہ صدارتی نظام، مسائل کا حل صرف عوام کے پاس ہے، ایک تاریخ پر متفق ہوکر عوام کو موقع دیا جائے،ملک کو شام اور لیبیا بنایا گیا تو خود ذمہ دار ہوں گے۔