غیرملکی انوسٹمنٹ کے ساتھ مقامی سرمایہ کاری کا تحفظ بھی ضروری ہے : سیکرٹری بی او آئی

لاہور (کامرس رپورٹر) سیکرٹری بورڈ آف انوسٹمنٹ اسد رحمن گیلانی نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں 70 مختلف قسم کے ریگولیٹرز کام کر رہے ہیں، یہ ایک ریگولیٹری نظام بن گیا ہے جس سے صنعتیں متاثر ہورہی ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کر رہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انورنے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔سیکرٹری بی او آئی نے کہا کہ ہم سرمایہ کاری کی بات کرتے ہیں لیکن ہمیں غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ مقامی سرمایہ کاری کا بھی خیال رکھنا ہوگا، ہمارے اپنے لوگوں نے محنت کرکے انڈسٹری قائم کی ہے، اب ہمیں ملکی صنعت کو پروان چڑھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ نے پاکستان ریگولیٹری ماڈرنائزیشن انیشیٹو کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد ریگولیٹری نظام کو جدید بنانا اور ریگولیٹرز کو سختی سے روکنا ہے، اس کا ایک طریقہ یہ ہے کہ تمام ریگولیٹرز سے بات کی جائے تاکہ ان ضابطوں کی نشاندہی کی جائے جو 75 سال سے ان کی رول بک میں موجود ہیں اور مکمل طور پر متروک ہیں۔ قابل اطلاق ضوابط کو بی او آئی رجسٹری میں درج کیا جانا چاہئے اور باقی کو ختم کردیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ معمولی خلاف ورزیوں پر کاروباری اداروں کو نوٹس جاری کرنے والے قوانین میں نرمی کی جانی چاہئے۔ نوٹسز کی بھرمار ختم کی جائے گی۔ ضوابط کو کم سے کم کیا جائے گا اور کسی بھی نئے ضابطے کو کاروباری برادری کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پی آر ایم آئی کے تحت ریگولیٹرز کو تربیت دی جائے گی اور ہدایات دی جائیں گی کہ کیسے ضابطے بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ صرف آئی ٹی سیکٹر میں 20 سے 22 ریگولیٹرز ہیں۔ ہم نے ایک رجسٹری بنائی ہے، جس کا مقصد مختلف محکموں میں جانے کے بجائے ایک درخواست دینا ہوگا۔ بی او آئی تمام 22 محکموں سے کلیئرنس لے گا۔ اب تک 10 ریگولیٹرز ہمارے ساتھ اپنی رضامندی ظاہر کر چکے ہیں۔ اس کے بعد ہم دوسرے شعبوں جیسے فارماسیوٹیکل، سٹیل وغیرہ پر کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انویسٹ پاکستان کا آغاز برطانوی حکومت کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ انوسٹ پاکستان پروگرام کے لیے بزنس کمیونٹی ہمارے ساتھ بیٹھ جائے اور پانچ سالہ پالیسیاں بنائی جائیں۔ تاجر برادری قومی مفاد میں ہمارے ساتھ تعاون کرے۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ہمیشہ قواعد و ضوابط آسان اور کاروبار دوست بنانے پر زور دیا ہے تاکہ ملک میں کاروباری ماحول بہترہوسکے، اس سے کاروباری آسانیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ لوکل انویسٹمنٹ کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اکنامک سروے آف پاکستان کے مطابق ہمارے ملک میں کُل سرمایہ کاری کا تناسب جی ڈی پی کاصرف 15%ہے جو کافی کم ہے۔اس میں پرائیویٹ انویسٹمنٹ کا حصہ جی ڈی پی کاصرف 10% ہے جس کو بڑھانا ناگزیر ہوچکا ہے۔ہم امید کرتے ہیں کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے انویسٹ پاکستان جیسے اقدامات اس حوالے سے مددگار ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ 2019-20میں نیٹ فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ 2.6 بلین ڈالر تھی جو 2020-21 میں کم ہو کر 1.82 بلین ڈالر ہوگئی جبکہ 2021-22 میں اس کا حجم صرف 1.87 بلین ڈالر تک محدود رہا جو ہماری معیشت کی ضروریات کے لحاظ سے انتہائی کم ہے۔ مقامی سرمایہ کاری اس وقت تک نہیں بڑھ سکتی جب تک مقامی انڈسٹریز کے مسائل حل نہیں ہونگے۔ مثال کے طور پر ہماری صنعتوں کو بہت سا خام مال، ضروری کمپونینٹس اور مختلف مشینری جوکہ ملک میں دستیاب نہیں ہوتیں،وہ درآمد کرنا پڑتا ہے اور ان پرریگولیٹری ڈیوٹی ، کسٹم ڈیوٹی اور ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی اداکرنا ہوتی ہے، جن کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ کاروباروں کے لئے وِدہولڈنگ ٹیکس کی شرح کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ زیرِ التواءریفنڈز اور متعددبار آڈٹ کے مسائل حل طلب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ہماری حکومت کو ٹیکسیشن سے متعلق کچھ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہونگے۔ موجودہ ٹیکس پیئرز کو انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کے متعدد آڈٹ کروانے ہوتے ہیں ،ہماری اپیل ہے کہ ان آڈٹ کی تعداد کو کم کیا جانا چاہیے۔ ٹیکس دہندگان کو ان آڈٹس پر جرمانوں،سرچارجزاور انکوائریز کا سامنا کرنا پڑتا ہے،اس کے علاوہ رجسٹرڈ افراد کی وِد ہولڈنگ، سٹیٹمنٹس/انکم ٹیکس ریٹرن دیر سے فائل کرنے پر جرمانہ اور بہت سے دوسرے مسائل کو بھی برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ ٹیکس دہندگان کے لیے جرمانوںاور سرچارجز کی شرح کو فوری طور پرکم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پیداواری لاگت کو کم کئے بغیر سرمایہ کاری کا بڑھنا تقریباََناممکن ہے۔ہماری صنعتوں کوپالیسی ریٹ جو 20فیصدتک جا پہنچا ہے اور ہائی انرجی کاسٹ جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے جن کی وجہ سے پیداواری لاگت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے ۔اس صورتحال میں ہمارے ایکسپورٹرز کے لئے بیرونی منڈیوں میں مقابلہ کرنا مشکل تر ہو چکا ہے۔اس حوالے سے بھی ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا معاشی حالات کا تقاضا ہے کہ حکومت امپورٹس کے متبادل کو ترجیح دے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انوسٹمنٹ کو نئے ڈیمز اورآبی ذخائر بنانے کےلئے پرائیویٹ انوسٹمنٹ کو ترغیب دینے کی بھی ضرورت ہے۔ ہمیں سولر انرجی کے نیٹ ورک کو بھی بڑھانا چاہیے کیونکہ اس سے ہم اپنی توانائی کی ضرورت کا ابھی تک 5% سے بھی کم حصہ حاصل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 23ارب ڈالر کا کروڈ آئل امپورٹ کرتا ہے، امید ہے کہ ان اقدامات سے ملکی درآمدات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز کی مدد سے صنعت سازی کے عمل کو تقویت تو ملے گی لیکن اگر ان کو سپیشل ایکسپورٹ زونز سمجھا جائے تو اس سے ان میں سرمایہ کاری اور برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز کی مدد سے صنعت سازی کو تقویت تو ملے گی لیکن اگر ان کو سپیشل ایکسپورٹ زونز سمجھا جائے تو اس سے ان میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور ساتھ ہی برآمدات بڑھانے میں آسانی ہوگی۔ لاہور چیمبر کے صدر نے بتایا کہ لاہور چیمبر نے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو خطوط کے ذریعے مطلع کیا ہے کہ ہم نے موجودہ ملکی معاشی حالات کو ٹھیک کرنے کےلئے کچھ اہم تجاویز مرتب کی ہیں ، سیاسی جماعتیں اپنے معاشی منشور ہمارے ساتھ شیئر کریں تاکہ چارٹر آف اکانومی مرتب کرنا ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ڈیکلریشن سکیم کا اعلان کرے تاکہ غیر ڈیکلیئر شدہ زرمبادلہ معیشت کا حصہ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیل سیکٹر نے محکمہ ماحولیات کے خلاف احتجاج کیا ہے، ایسی صورتحال میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ممکن نہیں۔