یوم پاکستان، بہترین کارکردگی دکھانے والے ہر شعبے سے منسلک افراد میں سول اعزازات تقسیم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)بہترین کارکردگی دکھانے والے ہر شعبے سے منسلک افراد میں سول اعزازات تقسیم،تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان پر ایوان صدر اسلام آباد میں سول اعزازات دینے کی تقریب منعقد کی گئی ،ہر شعبے سے منسلک افراد کو بہترین کارکردگی دکھانے پر میڈل سے نوازا گیا۔

پنجاب، بلوچستان ،خیبرپختونخوا کے گورنر ہاؤس میں بھی اعزازات دینے کی تقاریب ہوئیں،صحافت کے شعبے میں گراں قدر خدمات پر سینئر تجزیہ کار و سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی ،جاوید چودھری ،ندیم ملک ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔

مرحوم شاعر و ادیب امجد اسلام امجد کا ایوارڈ بیٹے نے وصول کیا، مشہور شاعر ساغر صدیقی کو بھی ستارہ امتیاز بعد از وفات دیا گیا، ایوارڈ سیکرٹری وزارت قومی ورثہ نے وصول کیا،پی کے ایل آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ڈاکٹر سعید اختر ،معروف سماجی رہنما رمضان چھیپا،علمی شخصیت ڈاکٹر انیس احمد ،عالم دین مولانا حنیف جالندھری ، اداکار بہروز سبزواری، میزبان و گلوکار فخر عالم ،پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ،سکواش لیجنڈ جہانگیر خان ،جان شیر خان،گورنر سندھ کامران ٹیسوری ،سرتاج عزیز، میر حاصل بزنجو، رئیس الاحرار، چودھری غلام عباس خان مرحوم، جسٹس ریٹائرڈ رانا بھگوان داس ودیگر بھی اعزاز پانے والوں میں شامل ہیں۔