ریلیف کیلئے عمران کو کمرہ عدالت میں موجود ہونا چاہیے،ہائیکورٹ


لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے ہیںریلیف کیلئے عمران کو کمرہ عدالت میں موجود ہونا چاہیے،تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل بنچ نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت درخواست پر سماعت کی ، عدالت نے ریمارکس میں کہا اگر آپ کو ریلیف چاہیے تو منگل کو دوپہر 2بجے تک عمران خان کو کمرہ عدالت میں موجود ہونا چاہیے،جسٹس شہباز رضوی نے کہا یہ نہیں ہو گا سماعت ملتوی کی جائے اور عمران خان آ رہے ہیں ،انہوں نے استفسار کیا کیا درخواستوں پر دستخط عمران خان کے ہیں ؟ عمران خان کے درخواستوں پر دستخط بظاہر سکین لگتے ہیں ، عمران خان کے وکیل نے کہا دونوں دستخط عمران خان کے ہیں لیکن scanned ہیں،وکیل کی استدعا پر لاہورہائیکورٹ نے 2 مقدمات میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت درخواست پر سماعت منگل کو دوپہر 2بجے تک ملتوی کر دی،ادھر توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی گئی،لاہور ہائیکورٹ کا 5رکنی لارجر بنچ جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں منگل کوسماعت کریگا،عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کیلئے الیکشن کمیشن نوٹس کیخلاف درخواست پر سماعت آج ہوگی،علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو فول پروف سکیورٹی دینے کی درخواست پر حکومتی وکلا کو ہدایات لیکر عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دے دیا،جسٹس عابد عزیز شیخ نے ریمارکس دیئے آپ کے ٹی او آرز بن تو گئے تھے، اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا میں سارا دن زمان پارک میں رہا وہاں ایک بھی پولیس اہلکار نہیں ،جسٹس عابد نے ریمارکس دیئے میرے پاس کیس بطور سابق وزیر اعظم عمران کی سکیورٹی کا ہے جس پر حکومت کہہ رہی ہے سکیورٹی موجود ہے اور آپ کہہ رہے ہیں سکیورٹی نہیں، گھر کے باہر اور جب وہ ''موو'' کرتے ہیں تو ساتھ کیا سکیورٹی ہوتی ہے، حکومت بتائے اور انڈر ٹیکنگ دے۔