لاہور(ہیلتھ رپورٹر)نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے مقامی ہوٹل میں 29ویں نیورولوجی کانفرنس میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی،اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیور و سائنسز ، ڈاکٹر محسن ، ڈاکٹرجویریہ علوی،ڈاکٹراحمدضمیر،ڈاکٹرنتاشہ گیلانی،ڈاکٹرنادرعلی سید،ڈاکٹرشعیب لقمان،ڈاکٹراخترشیریں،پروفیسرنائیلہ شہباز،پروفیسرسردارعالم اور خواتین وحضرات کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔
نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے اس موقع پر ڈاکٹرزکے درمیان یادگاری شیلڈزبھی تقسیم کیں،نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے اس موقع پرکہاانتہائی خوبصورت 29ویں نیورولوجی کانفرنس کے انعقادپرمنتظمین کو مبارکباددیتے ہیں،مختلف ممالک سے آئے نیورولوجسٹس کو بھی پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں،نیورولوجی کے شعبہ میں اصلاحات کی اشدضرورت ہے،ڈیزیزبرڈن کے لحاظ سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزجیسے مزیدادارے قائم ہونے چاہئیں۔
پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزمیں آنے والے مریضوں کو جدیدعلاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کررہے ہیں،پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیاکاتیسرابڑاملک بننے جارہاہے،نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترسہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں،پنجاب کی عوام کو پرائمری انجیوپلاسٹی کی 24/7سہولت دینے کاکریڈٹ نگران حکومت کو جاتاہے،ماضی میں کارڈیالوجی ہسپتالوں میں پرائمری انجیوپلاسٹی کی سہولت صرف اشرافیہ کومیسرتھی۔
امراض قلب کے مریضوں کو علاج ومعالجہ کی جدید سہولیات فراہم کرناچاہتے ہیں،ہسپتالوں میں تاخیرسے آنے پرمریض کا سب سے زیادہ نقصان ہوتاہے،پچھلے ہفتے ہی پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن نے کامیاب کانفرنس کاانعقادکیاہے،پاکستان کی تمام میڈیکل سوسائٹیزکوصحت کے شعبہ میں بہتری کیلئے مل کرکام کرناہوگا،صوبہ میں صاف شفاف اور محفوظ انتخابات کروانے کی بنیادی ذمہ داری نگران حکومت کی ہے،پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں سٹروک سنٹرزقائم کئے جائیں گے۔
ہمارے لئے سب سے اہم سرکاری ہسپتالوں میں آنے والامریض ہے،ہمیں عوام کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے مل کرکام کرناہوگا۔ہمیں صحت مندزندگی گزارنے کیلئے صحت مندلائف سٹائل اپناناہوگا۔
نیورولوجی کے شعبہ میں اصلاحات کی اشدضرورت ہے:ڈاکٹرجاویداکرم



















