اسلام آباد (بیورورپورٹ) سپریم کورٹ بار نے زمان پارک میں پولیس آپریشن کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے عمران خان کی رہائش گاہ پر کارروائی انتہائی قابل مذمت و انصاف کے اصولوں کےخلاف ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے طاقت کا استعمال کسی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
کارروائی جان بوجھ کر ایسے وقت میں کی گئی جب عمران خان کی اہلیہ رہائش گاہ پر اکیلی تھیں،سیاسی کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، میڈیا چینلز کو غیر قانونی پابندیوں کے ذریعے رپورٹنگ سے روکا جا رہا ہے، میڈیا پر پابندی عائد کرنا آرٹیکل 19 کے تحت آزادی رائے کی کھلم کھلا خلاف ہے۔
نگران حکومت کا مینڈیٹ آزادانہ، منصفانہ و شفاف انتخابات کا انعقاد ہے،بار نے اپنے اعلامیے میں کہاپنجاب میں نگران حکومت کی غیر جانبداری انتہائی قابل اعتراض ہے، تمام سیاسی جماعتوں سمیت سٹیک ہولڈرز سے مطالبہ ہے مل بیٹھ کر تمام اختلافات کا پرامن حل نکالیں، ملک میں قانون کی حکمرانی ہر قیمت پر قائم ہونی چاہیے۔
طاقت کا استعمال کسی صورت جائز قرار نہیں دیاجاسکتا،سپریم کورٹ بار
















