بلدیہ عظمیٰ: کمشنر کا میٹروپولیٹن کارپوریشن کے شفاف آڈٹ کا فیصلہ سبوتاژ ہونے کا خدشہ

لاہور (نوید چودھری) سربراہ بلدیہ عظمیٰ کمشنر لاہور ڈویژن کا میٹروپولیٹن کارپوریشن کے شفاف آڈٹ کا فیصلہ سبوتاژ ہوتا دکھائی دینے لگا۔ آڈٹ ٹیم کی غیر جانبدارانہ کارروائیوں کی راہ میں رکاوٹ بننے اور ریکارڈ کی فراہمی پر اثر انداز ہونے کےلئے میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ ٹرانسفر کے باوجود سیٹ سے چمٹے رہنے کےلئے مبینہ طور پر افسروں کو بلیک میل کرنے پر اتر آئے۔ چند روز قبل محکمہ بلدیات پنجاب میں جنرل ٹرانسفر پوسٹنگز کا ریلا چلا تھا جس میں میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ کا نام بھی شامل تھا البتہ مبینہ ساز باز کے ذریعے دور دراز علاقے میںٹرانسفر کی بجائے لوکل گورنمنٹ بورڈ میں بدلی کرانے میں کامیاب تو ہوگئے مگر اب لوکل گورنمنٹ بورڈ میں جوائن کرنے کی بجائے سیٹ سے چمٹے ہوئے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہواہے کہ میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ امین مغل دو سال سے اس سیٹ پر براجمان ہے جبکہ عرصہ 16 سال سے مختلف حیلوں بہانوں سے لاہور میں نوکری کے ذریعے اربوں روپے کے ناجائز اثاثہ جات کا مالک بن گیا ہے۔ اب چونکہ پلاننگ برانچ کی غیر تسلی بخش کارکردگی، رشوت خوری کی متعدد شکایات اور غیر قانونی پلازوں کے ذریعے باغوں کے شہر لاہور کا نقشہ بدلنے پر کمشنر لاہور ڈویژن کا پہلی مرتبہ پانچ سالہ تفصیلی آڈٹ کرانے کا دلیرانہ اقدام میٹروپولیٹن کارپوریشن کی تقدیر بدلنے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہوسکتا ہے، مگر آڈٹ کے اس فیصلے کے بعد میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ کی نیندیں اڑ کر رہ گئی ہیں اور اپنی ٹرانسفر رکوانے کےلئے سر تن کی بازی لگاتے ہوئے جہادی انداز میں میدان جنگ میں اترچکے ہیں اور افسروں کو بلیک میل کرنے کی سابقہ روایت پر کام تیز کردیا گیا ہے۔ اب یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ کی مکارانہ چالوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شفاف آڈٹ کرانے کرانے میں کامیاب ہو پائیں گے یا نہیں؟