لاہور، اسلام آباد (کورٹ رپورٹر+ بیورورپورٹ+ مشرق نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کی تقاریر پر پابندی کا حکم معطل کردیا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے پیمرا کی جانب سے عمران خان کی تقریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی کے خلاف درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے پابندی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا،عدالت نے عمران خان کی درخواست کو مزید سماعت کیلئے فل بینچ کو بھجوا دیا۔عمران خان نے پیمرا کی جانب سے پابندی کے نوٹیفکیشن کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔عدالت نے وفاقی حکومت سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کارروائی 13مارچ تک ملتوی کردی۔پیمرا نے 5 مارچ کو عمران خان کی جانب سے ریاستی اداروں پر الزامات کے حوالے سے ان کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی عائد کی تھی، دوسری طرف اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے خلاف احتجاج پر درج مقدمے میں عمران خان کی 21مارچ تک کی ضمانت میںمنظور کرلی۔ توشہ خانہ فیصلے کے بعد احتجاج کے کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا،عمران خان کی جانب سے عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی،ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ عمران خان نہ شامل تفتیش ہوئے اور نہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے، ابھی شامل تفتیش ہونے سے متعلق بتائیں؟عدالت نے عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا تو عمران خان کے وکیل نے کہا کہ کوئی تفتیشی افسر لاہور نہیں گیا اس پر عدالت نے کہا کہ کیا تفتیشی افسر نے عمران خان کو بلایا تھا؟ سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ ملزم کو خود پیش ہونا ہوتا ہے بلایا نہیں جاتا۔ عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ہم شامل تفتیش ہوجائیں گے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ یہ کیس ہے کیا ؟ سرکاری وکیل نے کہا کہ اقدام قتل اور دیگر دفعات مقدمہ میں ہیں۔عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے استدعا کی کہ عدالت 13 مارچ کی تاریخ رکھ لے۔عدالت نے عمران خان کی ضمانت میں 21مارچ تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 21 مارچ تک ملتوی کردی۔مزید برآںپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگررہنماﺅں کیخلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا،مقدمہ ڈی ایس پی صابر علی کی مدعیت میں لاہورکے تھانہ ریس کورس میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں عمران خان، فرخ حبیب، حسان نیازی، اعجاز چوہدری، حماد اظہر، فواد چوہدری اور محمود الرشید کو نامزد کیا گیا ہے۔مقدمے میں دفعہ 144کی خلاف ورزی، پولیس افسران پر حملہ، سڑک بلاک کرنے سمیت دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق ہجوم نے جان سے مار دینے کی نیت سے حملہ کیا جس سے بچنے کے لئے آنسو گیس اور شیلنگ کرنا پڑی۔اس دوران پی ٹی آئی کارکن جاں بحق اور متعدد زخمی بھی ہوئے۔متن کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کو بتایا گیا تھا کہ دفعہ 144 نافذ ہے اس کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔ کارکنان کے پولیس اہلکاروں پر حملے اور تشدد سے 13 پولیس اہلکار اور افسران زخمی ہوگئے۔دریں اثناءکوئٹہ کی عدالت نے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔کوئٹہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں، جوڈیشل مجسٹریٹ نے حکم دیا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو حاضر کیا جائے۔مزید برآںپی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ویڈیو لنک پر پیشی کی درخواستوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیئے گئے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی ویڈیو لنک حاضری یا کیسز کی جوڈیشل کمپلیکس میں سماعت کی درخواست ہوئی۔عدالت نے استفسار کیا کہ ایک تو یہ بتائیں کہ بطور سابق وزیر اعظم آپ کی سکیورٹی کیا ہے؟ اسلام آباد کی عدالتوں میں آپ کے کتنے کیس ہیں؟ وکیل نے بتایا کہ عمران خان کے خلاف 27 مقدمات یہاں اسلام آباد درج ہیں، کل لاہور میں افسوسناک واقعہ ہوا اس کی ایف آئی آر بھی پارٹی قیادت پر کر دی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 15 مارچ تک ملتوی کر دی۔دوسری جانب، لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی عدالتوں میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی اور سکیورٹی کیلئے درخواست کی سماعت ہوئی جس پر عدالت نے وفاقی حکومت، پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر کے جواب طلب کر لیا،بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ عمران خان کو 18 جنوری تک سکیورٹی دی گئی تھی، نگراں حکومت آنے کے بعد سکیورٹی واپس لے لی گئی، قانون کے مطابق سابق وزرائے اعظم کو سکیورٹی دی جاتی ہے۔وکیل وفاقی حکومت نے کہا کہ عمران خان کو جو سکیورٹی دی گئی تھی وہ پنجاب حکومت نے دی تھی جبکہ وکیل عمران خان نے کہا کہ عمران خان نے فوجداری کیسز میں عدالتوں میں پیش ہونا ہے،جسٹس عابد عزیز شیخ نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے سامنے عمران خان کی سکیورٹی کا معاملہ ہے، آپ حاضری سے استثنیٰ مانگ رہے ہیں آپ یہ ریلیف متعلقہ عدالت سے مانگیں۔وکیل عمران خان نے کہا کہ عدالت عمران خان کی سکیورٹی فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دے ۔ جسٹس عابد عزیز شیخ نے ریمارکس دیئے کہ سرکاری وکلا کو آئندہ سماعت تک ہدایات لے لینے دیں پھر دیکھتے ہیں۔دوسری طرف چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے جاری وارنٹ گرفتاری لاہور ہائیکورٹ کے پنڈی بنچ میں چیلنج کردئیے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں پٹیشن دائر کردی ہے جس میں الیکشن کمیشن کے 4 ممبران کو فریق بنایا گیا ہے،پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ وارنٹ گرفتاری ہائیکورٹ پہلے معطل کر چکی ہے اور معاملہ زیر سماعت ہے، الیکشن کمیشن ممبران نے وارنٹ جاری کرکے اختیارات سے تجاوز کیا،الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کے جاری قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ جبکہ فوری معطل کئے جائیں۔پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے پٹیشن انکے وکیل فیصل چودہری ایڈووکیٹ نے دائر کی، پٹیشن کی سماعت کل جسٹس صداقت علی خان کی عدالت میں ہوگی۔مزید برآںپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج اسلام آباد کی تینوں عدالتوں میں پیش نہ ہوئے اور مختلف کیسز کی سماعت میں آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کردیں جو کہ منظور کرلی گئیں۔خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی،وکیل کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں کہ عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہتے، عمران خان ہر عدالت میں پیش ہوئے، مختلف عدالتوں میں عمران خان نے بذریعہ ویڈیولنک حاضر ہونےکی درخواستیں دیں، موجودہ حکومت عمران خان کو قتل کرنا چاہتی ہے۔سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 لاہور میں نافذ ہے، عمران خان کی عدالت پیشی پر نہیں۔وکیل نعیم پنجوتھہ نے کہا کہ پر امن ریلی پر پنجاب حکومت نے شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں برسائیں، عمران خان کی جہاں رہائش تھی اس پر نقل حرکت کرنا مشکل ہے۔پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی کے آنے تک سول جج رانا مجاہد رحیم نے سماعت میں 2 بجے تک وقفہ کردیا۔ بعد ازاں عدالت نے عمران خان کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرتے ہوئے کیس کی سماعت 13مارچ تک ملتوی کردی۔
عمران کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی معطل، تین عدالتوں میں عدم پیشی،حاضری سے استثنیٰ مل گیا
















