شیخ زید ہسپتال: چیئرمین کی تعیناتی میں تاخیر، انتظامی امور درہم برہم، مریض پریشان

لاہور (مقصود خالد) وفاقی وزیر صحت اور وفاقی سیکرٹری صحت کے باہمی اختلافات کے باعث شیخ زید ہسپتال کے چیئرمین کی تعیناتی میں تعطل کی وجہ سے انتظامی امور معطل ہو کر رہ گئے جبکہ مریض لاوارثوں کی طرح ڈاکٹروں کے کمروں اور وارڈوں کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ چیئر مین نہ ہونے کے باعث ہسپتال میں مریض خوار ہونے لگے جبکہ ادویات و دیگر طبی سہولتیں بھی نایاب ہوگئیں۔ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ہسپتال میں چیئرمین تعینات نہ ہونے کی بنیادی وجہ وفاقی وزارت صحت اور وفاقی سیکرٹری صحت کی باہمی مخاصمت، چپقلش اور اناپرستی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر نوید اسلم کے پاس پرنسپل شیخ زید ہسپتال کا اضافی چارج ہے جو وزیراعظم کے ساتھ دوستی کے دعویدار ہیں اور من مانیوں اور غیر پیشہ ورانہ امور کے مرتکب ہورہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت ایک ماہ گزر جانے کے باوجود چیئرمین شیخ زید سپتال لاہور تعینات نہ کرسکی۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال میں مریضوں کو ملنے والا کھانا بھی آٹے کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے جبکہ ڈیلی ویجز ملازمین کے علاوہ تمام ملازمین کی دو ماہ کی تنخواہ بھی تاحال نہ دی جاسکی ہے۔ اسکے علاوہ میڈیسن کمپنی کے بل نہ ادا ہونے کی وجہ سے ادویات کی سپلائی بھی روکدی گئی ہے۔ اسی طرح آئل کمپنی کا بل بھی نہیں دیا جاسکا جس کی وجہ سے ایمبولینسیں بھی بند پڑی ہیں اور ہسپتال کے مرکزی کچن میں آٹے کی سپلائی بھی بند ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شیخ زید ہسپتال میں ڈاکٹر اکبر حسین بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر گریڈ 21 میں اپنی ڈیوٹی احسن انداز سے سر انجام دے رہے ہیں جبکہ پروفیسر نوید اسلم جو کہ گریڈ 20 میں پروفیسر ENT ہیں اور انکے پاس پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج کا اضافی چارج بھی ہے، وہ اپنے منصبی فرائض میں غفلت برت رہے ہیں۔ پروفیسر نوید اسلم کئی کئی ہفتے ہسپتال نہیں آتے اور نیشنل ہسپتال ڈیفنس اور اپنے پرائیویٹ کلینک پر مریض دیکھنے میں مصروف رہتے ہیں۔ وزیراعظم سے دوستی کے دعویدار پروفیسر نوید اسلم اپنے سیاسی اثرورسوخ کی بناءپر سنیارٹی کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنی تعیناتی کرانے کی کوشش کررہے ہیں جس کی وجہ سے وزارت صحت ابھی تک چیئرمین شیخ زید ہسپتال کی تعیناتی نہیں کرپائی جس کا خمیازہ ہسپتال اور مریض بھگت رہے ہیں اور اس بدانتظامی کے باعث قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔