لاہور (علی جنید) وفاقی حکومت نے گردوارہ کرتارپور میں اہم ترین انتظامات کرنے کے سلسلے میں ساتویں گورننگ کونسل میٹنگ آج ہوگی جبکہ قومی اسمبلی سپیشل کمیٹی برائے بحالی ملازمین میں 48 ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرتے ہوئے اکاﺅنٹ کنٹرولر اختر خان پر سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے لگائے گئے من گھڑت الزامات کے بارے میں کچھ ثابت نہ ہونے پر 24 فروری کو تمام تفصیلات کمیشن میں جمع کرانے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی سیکرٹری مذہبی و اقلیتی امور آفتاب اکبر خان نے آج کرتار پور گردوارہ کی ساتویں گورننگ کونسل کی میٹنگ کرتار پور میں طلب کی ہے جس کے ایجنڈے میں غور کیا جائےگا کہ سابق چھٹی میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد، بھارت سے آنے والے یاتریوں کی فی کس 20 ڈالر پر نظرثانی اور انکے گردوارہ میں شب گزاری ، پی ایم یو کے سکیورٹی سسٹم اور سکیورٹی کیمرے، یاتریوں کو وزٹ کروانے والے گائیڈ سمیت گردوارہ میں مستقل ملازمین کی تعیناتی سمیت کوٹے خرد گاﺅں کے راستہ کو گردوارہ سے الگ کرنا اور دریائے بدی کے پل کی تعمیر سمت نارووال کی حد بندی شامل کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب قومی اسمبلی سپیشل کمیٹی برائے بحالی ملازمین کے چیئرمین پروفیسر قادر مندوخیل نے 17 فروری کو متروکہ وقف املاک بورڈ کے سلسلہ میں چند اہم ترین و قابل ستائش فیصلے کئے جن میں درجہ چہارم کے 48 ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کر دیا گیا جبکہ کنٹرولر اکاو¿نٹس اختر خان کی انکوائری میں اس کمیشن کے سامنے متروکہ وقف املاک کوئی بات ثابت نہ کرسکا اور عدالتی احکامات کے باوجود سابق چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد نے اختر خان کو انکے عہدہ پر قائم نہ رکھا اور انکی ماہانہ تنخواہ بھی بند کر دی تھی جبکہ 328 بورڈ میٹنگ میں تمام ممبران متفقہ طور پر اختر خان کی سروسز کو ریگولرائز کرنے کی قرارداد پیش کی تھی اور وزارت مذہبی امور کو اس سلسلے میں سفارش کی تھی۔ اس سلسلے میں چیئرمین پروفیسر قادر مندوخیل کی جانب سے متروکہ وقف املاک انتظامیہ کو حکم دیا گیا ہے کہ ایک ہفتہ میں اختر خان کی تفصیلات کمیشن میں پیش کی جائیں۔
گردوارہ کرتارپور ،یاتریوں سمیت دیگر اہم انتظامی امور کیلئے گورننگ کونسل میٹنگ آج



















