شاہ رخ کو پہلی بار سینما کی ٹکٹ فروخت کرنے پر 50 روپے تنخواہ ملی

ممبئی (مشرق نیوز) بالی ووڈ کے کنگ خان کو پہلی تنخواہ کتنی ملی تھی، یہ جان کر انکے شائقین کو بڑی حیرت ہوگی۔ چار برس سے بڑی سکرین سے دور شاہ رخ خان نے اپنی حالیہ سپر ہٹ بلاک بسٹر فلم پٹھان سے اپنی دھماکا خیز واپسی کی۔ اس سے قبل دسمبر 2018ءمیں ان کی فلم زیرو ریلیز ہوئی تاہم وہ زیادہ کامیاب نہیں رہی تھی لیکن پٹھان میں ان کی زور دار پرفارمنس اور فلم کے دنیا بھر میں 900 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کرنے سے یہ بات ایک بار پھر ثابت ہوئی کہ وہ اب بھی بالی ووڈ کے کنگ خان ہیں۔ فلم پٹھان کی ریلیز کے بعد سے وہ آج کل ہر ایک کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں اور ان سے متعدد معاملات پر گفتگو کی جارہی ہے، جہاں ان کی دولت کا بھی تذکرہ ہوا اور معلوم ہوا کہ ان کی مجموعی دولت لگ بھگ 51 ہزار کروڑ بھارتی روپوں کے مساوی ہے۔اتنی زیادہ دولت کی وجہ ان کا غیر معمولی معاوضہ ہے جو کروڑوں میں ہوتا ہے۔ لیکن ایک ایسا وقت بھی تھا جب ان کا معاوضہ اتنا معمولی تھا کہ آج کوئی سنے تو حیران رہ جائے۔اس حوالے سے ایک پرانے انٹرویو میں کنگ خان نے بتایا تھا کہ نوجوانی میں معاوضہ بہت کم ملتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سنیما میں ٹکٹ تک فروخت کیے اور پہلی بار انہیں 50 روپے تنخواہ ملی تھی۔ لیکن آج وہ ایک ایسے اسٹار ہیں جو انتہائی پرتعیش زندگی گزار رہے ہیں، ان کی نہ صرف بھارت بلکہ لندن اور دبئی میں بھی جائیدادیں ہیں۔