9 ہزار 502 ارب روپے کا نیا بجٹ پیش

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مالی سال 2022-23ء کا چار ہزار ارب سے زائد خسارے کا 9 ہزار 502 ارب روپے کا بجٹ پیش کر دیا۔سپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بجٹ پیش کیا۔اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر ارکان نے بھی شرکت کی جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے حسب معمول ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا اور اپوزیشن کی نشستیں خالی رہیں۔  بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ اتحادی حکومت کا پہلا بجٹ پیش کرنا اعزاز کی بات ہے، حکومت میں تمام اکائیوں کی نمائندگی ہے، چار سالوں سے معاشی ترقی رک گئی اور قومی اتحاد تتر بتر ہو گیا، سابقہ حکومت میں ہر چیز کی قیمت بڑھی، ناتجربہ کار ٹیم نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا، سابق حکومت کے دور میں عام آدمی بری طرح متاثر ہوا، غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن ہو گئی۔ پونے چار سال میں ایک ناتجربہ کار ٹیم نے ملکی معیشت ڈبو دی، گزشتہ حکومت میں ہر سال ایک نیا وزیر خزانہ بجٹ تقریر کرتا رہا۔ یہ لوگ بات کر کے مکر جانے کے ماہر ہیں، یہ عالمی اداروں کے ساتھ بھی بات کر کے مکر گئے۔ انہوں نے عالمی اداروں کے سامنے بھی اپنا موقف تبدیل کیا، معیشت کے سٹرکچر کے بگاڑ کودرست کرنے کے لیے ریفارمز کی ضرورت ہوتی ہے، گزشتہ حکومت اصلاحات سے دامن چراتی ہے، جس وجہ سے آج معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی نہ ہو سکی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس وقت بہت کم ہے، ہم یہ ذمہ داری آئندہ حکومت پر ڈال سکتے تھے لیکن یہ ملک کا نقصان ہے۔ ہم نے معیشت تباہ حال ہونے کے باوجود اقتدار لیا۔ الیکشن کا اعلان کرتے تو ملک دوبارہ پاوں پر کھڑا نہ ہوسکتا۔ وہ ساری تبدیلیاں کریں گے جس سے ملک کو فائدہ ہو گا، یہ جانتے ہوئے حکومت میں آنے کا فیصلہ کیا کہ معیشت خراب ہے، دوآپشن تھے ایک الیکشن کا اعلان کردیتے، ہم نے دوسرا راستہ اپنا کرمشکل فیصلے کیے، مشکل فیصلوں کی کڑی ابھی مکمل نہیں ہوئی، ہم نے پہلے بھی کیا اوراب بھی کرکے دکھائیں گے۔ ترقی ہوتی ہے تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بے قابو ہو جاتا ہے، ہمیں کوئی نئی سوچ اپنانی ہو گی، ہمیں امرا کے بجائے غریب کوسہولیات دینا ہوں گی، ہم مشکل فیصلوں کیلئے تیار ہیں، ہمیں معاشی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھنا ہوگی۔وزیر خزانہ نے کا کہنا تھاکہ معشیت کے ڈھانچہ جاتی بگاڑ کو درست کرنے کے لیے بنیادی اصلاحات کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، جس کا ایک فوری منفی رد عمل بھی دیکھنے میں آتا ہے مگر معشیت مضبوط بنیادوں پر استوار ہوجاتی ہے، گزشتہ حکومت ایسے اقدامات سے کتراتی رہی، اس لیے وہ تمام اصلاحات موخر ہوتی رہیں جن کی وجہ سے آج معشیت اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہوسکی اور خوشحالی ہم نے دور ہوگئی۔ موجودہ حکومت کے پاس بہت کم وقت ہے، ہم بڑی آسانی سے ان تبدیلیوں کو آئندہ حکومت پر ڈال سکتے تھے لیکن اس میں ملک کا نقصان تھا، اس لیے ہم نے فیصلہ کیا کہ وہ تمام تبدیلیاں کی جائیں گی جن نے معشیت اور ملک کو فائدہ ہوگا۔