مجرموں سے ڈیل غداری کے مترادف ہوگی‘وزیراعظم

اسلام آباد:(لیڈر نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی خبریں پھیلا کر اپنے لیے سیاسی ماحول بنا رہی ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ترجمانوں کو موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی خبریں پھیلا کر اپنے لیے سیاسی ماحول بنا رہی ہیں۔ مجرموں سےڈیل کی مفاہمت قوم سے غداری کے مترادف ہے۔ انہوں نے ترجمانوں سے کہا کہ وہ انسداد بدعنوانی کے بیان پر فرنٹ فٹ پر کھیلیں، احتساب اور انسداد بدعنوانی کے بیان پر ایک انچ بھی پیچھے نہ ہٹیں، انسداد بدعنوانی کے بیان کے ساتھ ساتھ حکومت کے اچھے کاموں کو بھی اجاگر کریں۔ہدایات دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے ملکی معیشت کے بارے میں مسلسل مثبت اشارے دے رہے ہیں، معیشت درست سمت میں بڑھ رہی ہے، کاروباری کمپنیاں ریکارڈ منافع کما رہی ہیں، معاشی ترقی کے اثرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔