لاہور:(لیڈرنیوز)لاہور ہائی کورٹ نے زیادتی کیس میں متاثرہ چھ سالہ بچی کے بیان کو بھی قابل قبول شہادت قرار دے دیا۔جسٹس محمد امجد رفیق نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے مجرم کامران کی عمر قید کی اپیل خارج کردی۔ عدالت نے شریک ملزم برکت علی کی بریت کے خلاف اپیل بھی خارج کر دی۔ عدالت نے فیصلہ سنایا کہ 6 سالہ معصوم گڑیا کو اسکول جانے کے ایک ماہ بعد ایک درندے نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔فیصلے میں کہا گیا کہ 6 سالہ متاثرہ لڑکی نے پورے واقعے کو عدالت میں بلند حوصلہ اورمضبوط الفاظ میں ریکارڈ کرایا۔ متاثرہ لڑکی کا بیان مدعی کے شواہد سے مطابقت رکھتا ہے۔ عصمت دری کے شکار کے بیان کو تسلیم کرنے کے اصول پر عمل کرنے کا یہ بہترین وقت ہے، زیادتی کا شکار ہونے والے کا بیان زخمی شخص کے بیان سے زیادہ اہم ہے۔ مقدمہ درج کرنے میں تاخیر کا اعتراض ناقابل قبول ہے۔متاثرہ کے والدین نے کیس کے نتائج پر غور کرنے کے بعد ہی لڑکی کا طبی معائنہ کرایا۔ ڈاکٹروں نے بھی 6 سالہ بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی تصدیق کردی۔ پراسیکیوشن نے بلاشبہ مجرم کے خلاف اپنا مقدمہ ثابت کر دیا ہے۔ گوجرانوالہ کینٹ پولیس نے 2017 میں کامران اور برکت علی کے خلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کیا تھا۔
#Pakistan #Lahore #Lahore High Court #declared the statement of a minor girl victim in the rape case as admissible evidence



















