اسلام آباد:(لیڈرنیوز)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے بیان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) میں پاکستان کے خلاف منفی کردار پر ہمارے دیرینہ موقف کی حمایت کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے ہندوستان کی اصل نوعیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر سیاست کی گئی ۔بھارتی وزیرخارجہ جے شنکرنے بھارت کی اصل حقیقت دکھائی ،پاکستان ہمیشہ سے دنیا کو بھارت کی جانب سے ایف اے ٹی ایف معاملے کوسیاسی بنانے سے آگاہ کررہاہے، بھارتی وزیر خارجہ کے بیان نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے خلاف منفی کردار سے متعلق ہمارے دیرینہ موقف کی تصدیق کردی ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ، پاکستان ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہا ہے ، لیکن بھارت نے شرمناک طور پر پاکستان کی پیشرفت پر شک کرنے کی کوشش کی ہے۔ پاکستان بھارت کی جانب سے حالیہ اعتراف کو بھی عالمی برادری اور ایف اے ٹی ایف کے نوٹس میں لائے گا، پاکستان مناسب اقدام کے لئے ایف اے ٹی ایف کے صدر سے رابطہ کرنے پر بھی غور کر رہا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی ایف اے ٹی ایف مشترکہ گروپ کی سربراہی کے بارے میں بھی سوالات ہیں۔ انہوں نے کہا ، "ہم ایف اے ٹی ایف سے معاملے کو دیکھنے کی درخواست کرتے ہیں۔"دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایف اے ٹی ایف نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی اعانت کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ٹھوس اقدامات کی ہمیشہ تعریف کی ہے۔ ہم اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔ پاکستان پر دباﺅڈالنے کا بھارتی شوق کبھی پورا ہوا اور نہ ہی کبھی پورا ہوگا۔
#FATF #Pakistan #India #leader news #leader tv hd
















