او آئی سی اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے‘وزیرخارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنا چاہئے۔فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر او آئی سی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج غیر مسلح فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کر رہی ہے، اسرائیلی فوج کا نہتے فلسطینیوں پر ظلم انسانی حقوق کی پامالی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری سے بے گناہ فلسطینی شہید ہو رہے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور عالمی برادری کو فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے غیر قانونی استعمال کو روکنا چاہئے، غزہ پر بمباری کو فوری طور پر روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے حق خودارادیت کے حق کی حمایت کرتا ہے، پاکستان فلسطین کے لئے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے، او آئی سی اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے۔