لاہور(قاضی ندیم اقبال/عکاسی: میاں شاہ نواز) شاعر مشرق علامہ اقبال کی تعلیمات کا مرکز ”خودی“ کی بیداری، دینی و دنیاوی علوم کا امتزاج اور اسلام کی بنیاد پر نئی نسل کی کردار سازی ہے۔ وہ تعلیمی نظام میں قرآن کی تعلیم، انقلابی فکر اور مغربی تہذیب سے مرعوب ہونے کے بجائے اپنی اقدار پر فخر کرنے کے داعی تھے تاکہ ایک متحرک، خوددار اور ”مرد مومن“ کا معاشرہ قائم ہو سکے۔ حضرت اقبال کے ایک ایک شعر پر قرآن مجید کی آیت پیش کی جا سکتی ہے لہٰذا یہ جان لیں کسی کو بھی جب تک قرآن کی تعلیمات کا پورا علم نہ ہو ، وہ اقبال کی شاعری اور اس کے رموز کو نہیں سمجھ سکتا۔اقبال تمام فرقوں کو باہم متفق کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔ اقبال کی شاعری فرقہ واریت کو ختم کرنے کیلئے پل کا کردار ادا کرتی ہے۔ اس امر کا اظہار بریگیڈئیر (ر) وحید الزمان طارق نے ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ ، چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد ، ایڈمنسٹریٹربادشاہی مسجد شاہد حمید ورک، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اوقاف ہمایوں دستگیر، سید اسرار شاہ بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ اقبال ہر دور کے شاعر و مفکر ہیں۔ ان کے نظریات حصول پاکستان کی ایک وجہ ضرور ہیں لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ اقبال کے خوابوں کے مطابق ایک الگ مسلم خطے کے قیام سے ان کی تعلیمات کا سلسلہ ختم ہوگیا۔ ایسا ہرگز نہیں ہے۔ تعلیماتِ اقبال کی کل بھی ضرورت تھی جب امتِ مسلمہ کا شیرازہ بکھر چکا تھا اور ان کا کوئی پرسانِ حال نہیں تھا اور آج بھی ضرورت ہے جب اس امت کو سازشوں کے عمیق ترین سائے گھیرے ہوئے ہیں۔ آج بھی اقبال کی تعلیمات ، ان کے افکار، ان کی روحانی اور اخلاقی اقدار کی ترویج کی کوششوں کا بنظر غائر مطالعہ کیا جائے تو لامحالہ اس امر کی نشاندہی ہوتی ہے کہ عہد حاضر میں افکارِ اقبال کی تشریح و توضیح کی ضرورت بالکل اسی طرح ہے جیسا کہ آج سے نوے یا سو سال قبل تھی۔گویا تعلیماتِ اقبال کا اطلاق محض اس خاص عہد کیلئے نہیں تھا جب مسلم معاشرہ اپنے تشخص کے حصول کیلئے سرگرداں تھابلکہ عہد حاضر میں اس تشخص کو برقرار رکھنے کیلئے بھی ان کی سخت ضرورت ہے۔ بریگیڈئیر (ر) وحید الزمان طارق نے کہا کہ اقبال کے تفکر کا بنیادی مرکز مردِ مومن ہے جو سراسر خودی سے روشناس ہو چکا ہے ، اسی مردمومن کے گرد ان کے اکثر دیگر نظریات گھومتے ہیں۔ مثال کے طور پر اقبال کی خودی کا نظریہ ، یہ نظریہ درحقیقت اقبال کے مردمومن کیلئے ہے اور مردِ مومن بھی اسی نظریہ کے ماتحت ہے گویا یہ دونوں ایک دوسرے میں باہم مربوط ہیں۔ مردمومن کامل اوصاف کا حامل تب ہی ہو سکتا ہے جب اس میں خودی کا نظریہ اپنی تمام تر خصوصیات کے ساتھ موجود ہوگا جبکہ دوسری طرف خودی کے نظریے کی ترویج اسی طرح ممکن ہے اگر اقبال کا مردمومن اپنے مقام سے آگاہ ہوگا اور جس مرتبہ پر اسے فائز کیا گیا ہے وہ تمام تر وصف اپنے اندر سمو لینے کا اہل ہوگا۔ اقبال کے مردمومن کے نکتہ پر براجمان شخصیات کو بھی درجہ بدرجہ اہمیت حاصل ہے۔ ان کے نزدیک آنحضرت محمد کی ذاتِ مبارکہ کے بعد خلفائے راشدین اعلٰی ترین درجہ پر فائز ہیں ان کے بعد صحابہ کرام،اولیائے کرام ، آئمہ دین اور علمائے کرام کو اہمیت حاصل ہے۔ گویا اقبال کا مردمومن اپنے اپنے مرتبہ اور اہلیت کے مطابق اپنے اندر کی خصوصیات کو بروئے گار لاتا ہے اور معاشرے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ باالفاظِ دیگر ہر مرومومن کو اس کے اوصاف کے مطابق فرائض تفویض کئے گئے ہیں اور ان کی درجہ بندی بھی اسی لحاظ سے کی گئی ہے۔ بریگیڈئیر (ر) وحید الزمان طارق نے ”مشرق“ سے گفتگو میں کہا کہ اقبال مسلمان کیلئے قرآن کی تعلیم کو اولیت دیتے ہیں کیونکہ اسلام کا مقصد ایسے انسان کو پروان چڑھانا ہے جو ہادی برحق ہے۔ اقبال دور جدید کے مسلمان میں حضرت ابوبکر صدیق ؓ،حضرت عمر فاروق ؓ، حضرت عثمان غنی ؓ، حضرت علیؓ اور حضرت امام حسینؓ کیساتھ ساتھ محمد بن قاسم،‘ طارق بن زیاد، سلطان محمود غزنوی ، صلاح الدین ایوبی، نور الدین زنگی، خالد بن ولید جیسی صفات کا عکس دیکھنا چاہتے ہیں۔ اقبال مسلمان کی تعلیم کا اولین مقصد خود نگری اور خود شناسی کو قرار دیتے ہیں۔ اقبال ایسی تعلیم کا درس دیتے ہیں جو مسلمان نوجوان میں خودی کے جذبے کو پروان چڑھائے اور اسکی عزت نفس کو مضبوط بنانے میں مدد گار ثابت ہو۔
لاہور(نمائندہ خصوصی )علامہ اقبال کی تعلیمات کسی ایک خاص وقت، کسی خاص علاقے یا کسی خاص رنگ ونسل کیلئے مخصوص نہیں ہیں، اقبال ہر دور کے شاعر ہیں۔ ان کے افکار اور ان کی تعلیمات کا ایک جاندار پہلو یہ بھی ہے کہ وہ فرد کی درست سمت میں رہنمائی اور اس کی اخلاقی و روحانی تشکیل کرنے کے خواہاں ہیں۔ یہی انفرادی تربیت ان کے نزدیک اجتماعی تربیت کا باعث بنتی ہے۔ بریگیڈئیر (ر) وحید الزمان طارق نے ”مشرق“ سے گفتگو میںقرار دیا کہ قوم، ملک یا معاشرہ افراد سے مل کر تعمیر پاتا ہے اور اگر فرداً فرداً قوم کے ہر شخص کی باطنی و اخلاقی تربیت عمدہ طور پر ہوگی تو آخر کار اس انفرادی تربیت کے اثرات اجتماعی شکل میں ظاہر ہونگے اور اس سے ایک مثالی معاشرہ تشکیل پائیگا،یہی اقبال کے خودی اور بے خودی کے نظریات ہیں۔ اقبال کی خودی کا نظریہ جب پنپتا ہے ، آگے بڑھتا ہے ایک فرد میں نمو پاتا ہے، اپنی اخلاقی و روحانی قدروں سے روشناس کراتا ہے تو آگے جا کر یہی فرد اپنے تمام تر روحانی اور اخلاقی اقدار کا اطلاق اجتماعی طور پر کرتا ہے۔ اب یہاں سے بے خودی کی تعلیمات شروع ہوجاتی ہیں۔ باالفاظِ دیگر اقبال خودی پر اسلئے زور دیتے ہیں تاکہ اس کے نتائج بے خودی کی صورت میں بہتر طور پر حاصل ہو سکیں۔ گویا خودی تکمیل بے خودی کی پہلی کڑی ہے۔اقبال کی تعلیمات کا دائرہ کار کسی خاص وقت تک محدود نہیں ہے۔
لاہور(نمائندہ خصوصی ) بریگیڈئیر (ر) وحید الزمان طارق نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کے نزدیک تعلیم کا مقصد صرف مادی ضروریات کی فراہمی نہیں بلکہ روحانی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کا نام ہے، کیونکہ وہ تعلیم جو روحانیت سے عاری ہے انسان کو بے دینی کی طرف لے جاتی ہے۔”مشرق “ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، تمام ادیان کا اخری ایڈیشن ہے۔ اقبال بنیادی طور پر اسلام کے شاعر ہیں، مگر ان کی شاعری انسانیت کی تعظیم کا بھی درس دیتی ہے۔ وہ اپنی شاعری سے آدمی کے مقام سے باخبر کرتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ دوسروں کی تکلیف سے بے خبر آدمی نہیں کہلایا جا سکتا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بحیثیت فرد اور قوم اپنی کمی ، کوتاہیوں سے باہر نکلیں اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں اور یہ ذہن نشین رکھیں کہ پاکستان اگر معرض وجود میں نہ آتا تو ہمارا حشر بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں سے برعکس ہوتا۔
اقبالؒ کی تعلیمات کا مرکز نئی نسل کی کردار سازی ہے :بریگیڈئیر (ر) وحید الزمان طارق
















