صوبہ بھر میں جائیداد منتقلی پر یکساں شرح نافذ،شہری و دیہی علاقوں میں فرق ختم

لاہور: (میاں ذیشان) پنجاب حکومت نے جائیداد کے شعبے میں بڑی اصلاحات کا آغاز کرتے ہوئے دیہی علاقوں میں سٹامپ ڈیوٹی میں نمایاں کمی اور شہری و دیہی علاقوں کے درمیان موجود فرق ختم کر دیا ، جس کے تحت اب صوبہ بھر میں جائیداد کی منتقلی پر یکساں شرح نافذ کر دی گئی، اقدام رئیل سٹیٹ سیکٹر کی بحالی، سرمایہ کاری کے فروغ اور لینڈ ایڈمنسٹریشن نظام کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے سٹامپ ڈیوٹی ترمیمی آرڈیننس 2026 پر دستخط کر دئیے۔

جائیداد کی منتقلی پر اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح کو یکساں کرتے ہوئے شہری اور دیہی دونوں علاقوں کےلئے ایک فیصد مقرر کر دیا گیا جبکہ اس سے قبل شہری علاقوں میں ایک فیصد اور دیہی علاقوں میں تین فیصد ڈیوٹی عائد تھی جسے کاروباری حلقے امتیازی اور رکاوٹ سمجھتے تھے، اقدام کا بنیادی مقصد قوانین کو سادہ بنانا، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرنا اور خاص طور پر دیہی علاقوں میں پراپرٹی کے کاروبار کو فروغ دینا ہے جہاں زیادہ ٹیکس شرح کی وجہ سے لین دین کی رفتار سست تھی، نئی شرح کے نفاذ سے توقع کی جا رہی ہے کہ دیہی علاقوں میں جائیداد کی خرید و فروخت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور غیر رسمی لین دین کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

بورڈ آف ریونیو کی جانب سے اصلاحاتی پیکیج کے تحت دیگر اہم اقدامات بھی کیے گئے ہیں جن میں پنجاب لینڈ ریونیو (ترمیمی) آرڈیننس اور غیر منقولہ جائیداد کے مالکان کے تحفظ سے متعلق ترمیمی آرڈیننس 2026 شامل ہیں، مقصد صوبے کے لینڈ ایڈمنسٹریشن نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور جائیداد کے مالکان کو مضبوط قانونی تحفظ فراہم کرنا ہے، نئے لینڈ ریونیو نظام کے تحت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے شفافیت، کارکردگی اور جوابدہی کو بہتر بنایا جائےگاجبکہ قبضہ کی منتقلی، زمین کی تقسیم اور اپیل کے نظام کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق ازسرنو ترتیب دیا گیا ہے اور سرکاری نوٹسز اور مراسلت کو الیکٹرانک نظام کے تحت جاری کیا جائےگا، حکومت نے زبانی معاہدوں کی بنیاد پر جائیداد کی رجسٹریشن اور منظوری پر پابندی عائد کر دی ہے تا کہ ہر لین دین کو قانونی دستاویزات کے ذریعے یقینی بنایا جا سکے اور شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔