لاہور (مشرق نیوز) پنجاب میں کرسچن میرج ایکٹ میں 153 سال بعد بنیادی تبدیلیوں کیلئے بل تیار کر لیا گیا۔ بل میں شادی کیلئے دولہا اور دلہن دونوں کا مسیحی ہونا لازم قرار دیا گیا ہے، موجودہ قانون میں کسی ایک فریق کا مسیحی ہونا کافی قرار دیا گیا تھا۔
بل چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اقلیتی امور فیلبوس کرسٹوفر کی جانب سے جمع کروایا گیا ہے جس میں شادی کیلئے لڑکے اور لڑکی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کرنے کی تجویز شامل ہے۔
مسیحی شادیوں کی رجسٹریشن یونین کونسل اور نادرا کے ریکارڈ میں لازمی شامل کرنے اور رجسٹرڈ گرجا گھروں کو مسیحی طریقہ کار کے مطابق نکاح پڑھانے کی اجازت دینے کی تجویز ہے۔ موجودہ بل میں نکاح کی تقریب کے وقت اور دن پر عائد پابندیاں بھی ختم کرنے کی تجویز ہے، جبکہ موجودہ قانون کے تحت شام 6 بجے کے بعد نکاح کی اجازت نہیں۔
پنجاب: کرسچن میرج ایکٹ میں 153 سال بعد تبدیلیاں
















