کراچی (مشرق نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ امریکیوں کو سوچنا چاہئے کہ ایک پاگل کیسے ان کا صدر ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ احمقانہ بیان دے رہا ہے، امریکی ایوان نمائندگان بھی کہہ رہے ہیں کہ ٹرمپ کو صدر نہیں ہونا چاہئے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایران کو سلام ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، پاکستان کو اس سلسلے میں کردار ادا کرنا چاہئے۔انکا کہنا ہے کہ اسرائیل اب فلسطینیوں کو پھانسیاں دیگا، اس پر کوئی بات نہیں کر رہا، حکومت اچھا قدم اٹھاتی ہے تو ہم اسکی حمایت کرتے ہیں، یہ موقع ہے ہمیں غزہ پیس بورڈ سے باہر آنا چاہئے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام پیٹرول کے ہر لیٹر پر حکومت کو 225 روپے ادا کر رہے ہیں، آئی پی پیز سے معاہدے ختم ہونے چاہیے، پاکستان میں کونسی انڈسٹری ہے جو سامنے آکر کھڑی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتیں مزید کم کی جائیں، بجلی پر ٹیکس لگانے کا کہا جارہا ہے، اس پر ہم احتجاج کریں گے۔
امریکی عوام کو سوچنا چاہئے ایک پاگل شخص کیسے انکا صدر بن گیا: حافظ نعیم الرحمن
















