لاہور(قاضی ندیم اقبال)صوبائی حکومت نے سرکاری اداروں سے کرپشن کے خاتمے کیلئے پیپرا قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پیپرا قوانین کے تحت سرکاری مالی لین دین میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کیلئے چیک کو اوپن کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ کیش ادائیگی پر عائد پابندی کا مقصد مالی بے ضابطگیوں، کرپشن اور ریکارڈ میں ردوبدل کے امکانات کو ختم کرنا ہے۔ پیپرا قوانین بولی دہندگان کیلئے یکساں مواقع فراہم کرتے ہیں۔ کسی بھی کمپنی کو غیر ضروری ترجیح دینا یا مخصوص شرائط رکھ کر مقابلے کو محدود کرنا خلاف قانون ہے۔ اگر کسی فریق کو شکایت ہو تو وہ متعلقہ فورم پر اپیل بھی کر سکتا ہے۔ان قوانین میں شفافیت کیساتھ ساتھ احتساب کا نظام بھی شامل ہے۔ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے صوبائی اداروں، خود مختار اداروں، ضلعی حکومت کے تحت کام کرنے والے اداروں اور تمام ترقیاتی اداروں میں جزا و سزا کے عمل کو موثر بنانے اور ذاتی مفادات کو ترجیح دینے والے ملازمین اور ان کے ساتھیوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی غرض پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو ناگزیر قرار دیدیا ہے۔ اس ضمن میں انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز،اداروں میں بطور ڈائریکٹر جنرلزاورچیئر مین کے طور پر تعینات سول انتظامی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے بھر میں سرکاری اداروں سے کرپشن کے خاتمے کیلئے وزیر اعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں تمام سرکاری محکموں میں خریداری اور ٹھیکوں کے تمام مراحل میں شفافیت کو یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا بدعنوانی کی گنجائش نہ چھوڑیں۔پیپرا قوانین دراصل پاکستان میں سرکاری خریداری کے عمل کو شفاف، منصفانہ اور موثر بنانے کیلئے بنائے گئے اصول و ضوابط ہیں۔ پیپرا سے مراد پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ہے، جو 2002 میں قائم کی گئی تھی۔ ان قوانین کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ سرکاری ادارے جب کسی سامان، خدمات یا تعمیراتی منصوبے کیلئے ٹھیکے دیں تو اس عمل میں بدعنوانی، اقربا پروری اور غیر شفافیت کا خاتمہ کیا جا سکے۔پیپرا قوانین کے تحت تمام سرکاری اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنی خریداری کے عمل کو کھلے اور مسابقتی طریقے سے انجام دیں۔ اس کیلئے ٹینڈرز جاری کئے جاتے ہیں جنہیں اخبارات اور ویب سائٹس پر شائع کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کمپنیاں اس میں حصہ لے سکیں۔ اس عمل سے نہ صرف بہترین قیمت حاصل ہوتی ہے بلکہ معیار بھی بہتر رہتا ہے۔مزید برآں، پیپرا قوانین بولی دہندگان کیلئے یکساں مواقع فراہم کرتے ہیں۔ کسی بھی کمپنی کو غیر ضروری ترجیح دینا یا مخصوص شرائط رکھ کر مقابلے کو محدود کرنا خلافِ قانون ہے۔ اگر کسی فریق کو شکایت ہو تو وہ متعلقہ فورم پر اپیل بھی کر سکتا ہے۔ان قوانین میں شفافیت کے ساتھ ساتھ احتساب کا نظام بھی شامل ہے۔ سرکاری افسران کو اپنے فیصلوں کا ریکارڈ رکھنا ہوتا ہے، جسے ضرورت پڑنے پر جانچا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، ای-پروکیورمنٹ جیسے جدید طریقوں کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ عمل مزید تیز اور قابلِ نگرانی بنایا جا سکے۔مجموعی طور پر، پیپرا قوانین پاکستان میں سرکاری خریداری کے نظام کو بہتر بنانے اور عوامی وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق اداروں کے ذمہ داران کو از سر نو جاری ہدایات میں قرار دیا گیا ہے کہ پیپرا قوانین کا بنیادی مقصد سرکاری وسائل کے شفاف اور مو¿ثر استعمال کو یقینی بنانا ہے تاکہ قومی خزانے کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ٹینڈرنگ کے عمل کو مکمل طور پر میرٹ پر رکھیں، اشتہارات کی بروقت اشاعت کو یقینی بنائیں اور تمام اہل کمپنیوں کو مساوی مواقع فراہم کریں۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کی جانب سے اداروں کے سربراہان اور انتظامی مشینری پر واضح کیا گیاہے کہ کرپشن کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائیگی اور خلاف ورزی کے مرتکب افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شفاف نظام ہی عوام کا اعتماد بحال کر سکتا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ممکن بناتا ہے۔مزید برآں نگرانی کے نظام کو بھی مو¿ثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ پیپرا قوانین پر عملدرآمد کا باقاعدہ جائزہ لیا جا سکے۔ اس ضمن میں متعلقہ محکموں کو رپورٹنگ کا نظام بہتر بنانے اور ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔حکومتی ذمہ داران کا دعوی ہے کہ ان اقدامات سے نہ صرف کرپشن میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ حکومتی کارکردگی میں بھی بہتری آئیگی جس کے مثبت اثرات براہ راست عوام تک پہنچیں گے۔اداروں کے ذمہ داران پر واضح کیا گیا ہے کہ پیپرا قوانین کے تحت چیک اوپن نہ کرنے اور کیش ادائیگی پر پابندی سے متعلق پالیسی واضح ہے۔ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کے قواعد و ضوابط کی روشنی میں کسی بھی سرکاری مالی لین دین میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کیلئے چیک کو اوپن کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اسی طرح کیش ادائیگی پر بھی سخت پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ مالی بے ضابطگیوں، کرپشن اور ریکارڈ میں ردوبدل کے امکانات کو ختم کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام ادائیگیاں بینکنگ چینلز کے ذریعے دستاویزی شکل میں کی جائیں گی، جس سے آڈٹ کا عمل آسان اور قابل اعتماد ہوگا۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ ان قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمے خریداری اور ٹھیکوں کے تمام مراحل میں شفافیت کو یقینی بنائیں :پنجاب حکومت
















