اسلام آباد: (بیورورپورٹ)مسلمان مرد شرعی طور پر اہل کتاب خواتین کےساتھ نکاح کر سکتے ہیں،آئینی عدالت نے اہم فیصلہ جاری کر دیا۔
وفاقی آئینی عدالت نے 18 سال سے کم مسیحی لڑکیوں کی مسلمان لڑکوں سے شادی پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا مسلمان مرد شرعی طور پر اہل کتاب خواتین کےساتھ نکاح کر سکتے ہیں،چائلڈ میرج ایکٹ 1929 کے تحت کم عمری کی شادی پر سزا ہوسکتی ہے، نکاح ختم نہیں ہوسکتا، کم عمری کی شادی پر قانون میں صرف فوجداری سزا کا تذکرہ موجود ہے، چائلڈ میرج ایکٹ 1929 میں کم عمری کا نکاح ختم ہونے کا کوئی ذکر موجود نہیں۔
عدالت نے ماریہ کا قبول اسلام اور شہریار نامی لڑکے سے نکاح درست تسلیم کر لیا ،عدالتی فیصلے میں کہا گیاماریہ نے نکاح سے پہلے اسلام قبول کیا جس کا ڈکلریشن بھی موجود ہے، حبس بے جا کی درخواست میں لڑکی کی عمر، دارالافتا کی دستاویز کی درستگی کا جائزہ نہیں لیا جا سکتا،آئینی تشریح کےلئے حتمی فورم سپریم کورٹ نہیں بلکہ وفاقی آئینی عدالت ہی ہے، سپریم کورٹ سمیت تمام عدالتیں آئینی عدالت کا حکم ماننے کی پابند ہیں، آئینی عدالت سپریم کورٹ کے وضع کردہ اصولوں پر عملدرآمد کی پابند نہیں۔
سپریم کورٹ کے جو فیصلے آئین یا قانون سے متصادم ہوں، آئینی عدالت وہ نظیریں ماننے کی پابند نہیں، لڑکی کے والد نے ایف آئی آر میں بیٹی کی عمر 13 سے 14 سال جبکہ دلائل میں 12 سال 9 ماہ بتائی، عدالت نے قرار دیا والد کے بیانات میں تضاد ہے، نادرا ریکارڈ کے مطابق ماریہ بی بی اور چھوٹی بہن کی عمر میں 8 ماہ سے کم کا فرق ہے، جن دستاویزات پر انحصار کیا گیا، وہ شک سے بالاتر نہیں،وفاقی آئینی عدالت نے کہا لڑکی نے مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہو کر بیان دیا اس نے اپنی مرضی سے بغیر کسی دباو کے نکاح کیا ہے،آئینی عدالت نے ماریہ کے والد کی حبس بیجا کی دائردرخواستیں خارج کر دیں۔
مسلمان مرد شرعی طور پر اہل کتاب خواتین کے ساتھ نکاح کر سکتے ہیں،آئینی عدالت


















