توانائی بحران کے پیش نظر پنجاب میں بڑے فیصلوں کی تیاری

لاہور: (وقائع نگار)تعلیمی اداروں میں مزید چھٹیاں،پٹرول کی منصفانہ تقسیم کیلئے کوپن یا ڈیجیٹل سسٹم متعارف ، ایل ای ڈی بل بورڈز ،آرائشی لائٹس بند،مارکیٹوں کے اوقات کار محدود، مخصوص دنوں میں محدود گاڑیوں کو ایندھن کی فراہمی،غیر ضروری تقریبات پر مکمل پابندی،توانائی بحران کے پیش نظر پنجاب میں بڑے فیصلوں کی تیاری، محکمہ توانائی نے اہم سفارشات وزیراعلیٰ مریم نواز کو پیش کر دیں۔

ذرائع کے مطابق وفاق طرز پر فیول راشننگ ،تعلیمی و تجارتی سرگرمیوں پر پابندیوں سمیت متعدد سخت اقدامات پلان کاحصہ ہیں،تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں15اپریل تک توسیع،ہائبرڈ نظام تعلیم اپنانے،نجی اداروں کےلئے ورک فرام ہوم پالیسی لازمی،میٹرو اور بس سروسز میں اضافہ،رات 10بجے کے بعد سٹریٹ لائٹس کو متبادل موڈ پر منتقل کرنابھی سفارشات میں شامل ہے،اقدام سے بجلی و ایندھن کی کھپت میں کمی ہوگی، سفارشات پر حتمی فیصلہ جلد متوقع ہے۔

دریں اثناتپ دق کے عالمی دن پراپنے خصوصی پیغام میںوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا صوبے میں ٹی بی کے مکمل خاتمے کےلئے پختہ عزم کررکھا ہے،صحت مند پنجاب کےلئے ٹی بی کےخلاف جنگ جیتنا ناگزیر ،بروقت تشخیص ،موثرعلاج کے ذریعے مریضوں کی جانیں بچائی جا سکتی ہیں،مرض کے خاتمے کیلئے جدوجہد جاری رکھیںگے۔

مریم نواز نے کہاٹی بی، ہیپاٹائٹس ،امراض قلب کے مریضوں کودہلیز پر مفت ادویات پہنچانے کا پروگرام جاری ہے، سرکاری ہسپتالوں میں مفت دوائی، پی سی آر ٹیسٹ ،لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے بھی گھر گھر مریضوں کی تلاش کی جاتی ہے، پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ و تحصیل ہسپتالوں میں ٹی بی کی تشخیص ،”ڈوٹس“ (DOTS) کے تحت مکمل مفت علاج کیا جارہا ہے، ہر سال دنیا بھر میں لاکھوں لوگ ٹی بی (تپ دق) جیسے موذی مرض کا شکار ہورہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاصوبے میں عام دوائیوں سے ٹھیک نہ ہونےوالے مریضوں کیلئے خصوصی ڈرگ ریزسٹنٹ ٹی بی (DR-TB) سینٹرزکا قیام عمل میں لایا جارہا ہے،بروقت تشخیص، علاج کے تسلسل کو یقینی بنانے میں کمیونٹی ہیلتھ ورکرز، سول سوسائٹی تنظیمیں، محققین، نجی شعبے کے طبی ادارے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔