آپریشن غضب للحق ، قندھار ایئر فیلڈ آئل سٹوریج سائٹس تباہ

راولپنڈی (مشرق نیوز) آپریشن غضب للحق کے تحت پاک فوج کی کارروائی میں قندھار ایئر فیلڈ آئل سٹوریج سائٹس تباہ کردی گئیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے آپریشن غضب للحق کے تحت 12 اور 13 مارچ کی شب قندھار ایئر فیلڈ کی آئل سٹوریج سائٹس کو موثر حملوں کے ذریعے تباہ کر دیا ہے۔

اس حوالے سے دستیاب ویڈیو میں حملوں سے پہلے اور بعد کے مناظر واضح طور پر دکھائے گئے ہیں جن سے کارروائی کی شدت اور موثر نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ آئل سٹوریج سائٹس افغان طالبان اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں اپنی مذموم کارروائیوں کیلئے استعمال کر رہی تھیں۔

پاک فوج موثر اور طاقتور کارروائیوں کے ذریعے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد ٹھکانوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا رہی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہناہے کہ آپریشن غضب للحق کے تحت کارروائیاں اہداف کے حصول تک جاری رہیں گی۔ فوج اپنی تمام تر استعداد کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔