اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے ایل این جی کی عالمی سپلائی میں رکاوٹ سے پاکستان زیادہ متاثر نہیں ہوگا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو دئیے گئے انٹرویو میں اویس لغاری نے کہا پاکستان میں مقامی ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں اضافے کے باعث ایل این جی کی عالمی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے اثرات اب پہلے کے مقابلے میں کم ہو گئے ،پاکستان میں تقریباً 74 فیصد بجلی مقامی ذرائع سے پیدا ہو رہی، حکومت کا ہدف ہے 2034 تک شرح کو 96 فیصد سے بھی زیادہ تک پہنچایا جائے، پاکستان میں سولر توانائی کے تیزی سے فروغ، جوہری توانائی، پن بجلی اور مقامی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں نے ملک کو توانائی کے معاملے میں زیادہ خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اویس لغاری نے کہا پاکستان میں بجلی کی پیداوار کا تقریباً 10 فیصد حصہ ایل این جی پر مشتمل ہے، جو زیادہ تر شام کے اوقات میں بجلی کی طلب پوری کرنے اور گرڈ کو مستحکم رکھنے کےلئے استعمال ہوتی ہے، اگر بدترین صورتحال میں کئی ماہ تک ایل این جی کی فراہمی معطل بھی ہو جائے تو پاکستان میں گرمیوں کے دوران شام کے اوقات میں صرف ایک سے دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو سکتی ہے تاہم زیادہ اثر صنعت اور زراعت پر نہیں پڑے گا، ملک میں کوئلہ، ایل این جی اور جوہری توانائی کے کئی منصوبے شامل کیے گئے ،چھتوں پر سولر پینلز کے استعمال میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ،دن کے اوقات میں گرڈ پر بوجھ کم ہو گیا ۔
ایل این جی کی عالمی سپلائی میں رکاوٹ سے پاکستان زیادہ متاثر نہیں ہوگا، اویس لغاری
















