پاکستان ہمیشہ سعودی عرب ثابت قدمی کیساتھ کھڑا رہیگا: وزیراعظم

ریاض (مشرق نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے جدہ میں سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے ملاقات کے آغاز میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناو¿ں اور احترام کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کیلئے سعودی عرب کی طویل المدتی حمایت پر گہری قدردانی کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مشکل حالات میں سعودی عرب کیساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماوں کے درمیان خطے میں حالیہ پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ علاقائی امن و استحکام کیلئے ملکر کام کیا جائیگا۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہیگا اور خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد و وزیر اعظم عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود سے ملاقات کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رائل ٹرمینل پر مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر عزت مآب پرنس سعود بن مشعل بن عبد العزیز، ریاض میں تعینات پاکستان کے سفیر احمد فاروق ، جدہ میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفی ربانی اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔