کے پی میں بروقت بلدیاتی انتخابات کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

پشاور: (بیورورپورٹ) کے پی میں بروقت بلدیاتی انتخابات کےلئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست لوکل کونسل ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں الیکشن کمیشن، صوبائی حکومت اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو فریق بنایا گیا ۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی مدت رواں ماہ مارچ میں مکمل ہو جائے گی اور قانون کے مطابق حکومت 120 دن کے اندر نئے بلدیاتی انتخابات کرانے کی پابند ہے، اگر مدت ختم ہونے کے بعد بر وقت انتخابات نہ ہوئے تو صوبے میں آئینی خلا پیدا ہو سکتا ہے، الیکشن کمیشن کو بروقت انتخابات کرانے کے احکامات جاری کرے اور صوبائی حکومت کو ہدایات دی جائیں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا عدالت صوبے میں بروقت بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کیلئے فریقین کو مناسب احکامات جاری کرے۔