کفایت شعاری پلان فائنل ، بوجھ منصفانہ طور پر سب کو برداشت کرنا ہوگا،وزیراعظم


اسلام آباد:(بیورورپورٹ) کفایت شعاری پلان فائنل ، وزیراعظم شہبازشریف نے کابینہ، وفاقی و صوبائی سطح پر تمام منتخب نمائندوں ،اعلیٰ سرکاری افسروں کو ہدایت کی عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور وسائل کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، تمام سرکاری ملازمین ،وزرا کو سادگی و کفایت شعاری اختیار کرنا ہوگی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں عالمی سطح پر پیدا ہونےوالی حالیہ کشیدگی ،ممکنہ معاشی اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،حکام نے کہا موجودہ علاقائی صورتحال کے پاکستانی معیشت، بالخصوص توانائی کی فراہمی اور عالمی منڈیوں میں قیمتوں کے اتار چڑھا ﺅ پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، حکومت پیشگی اقدامات کر رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا حالیہ بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر ملکی معاشی استحکام کےلئے بروقت اقدامات کا نفاذ ناگزیر ،صورتحال پر مسلسل نظر ،قومی معیشت کو ہر ممکن استحکام فراہم کرنے کےلئے تمام ضروری فیصلے کیے جائیں گے،عوام کے مفادات کا مکمل تحفظ ،معاشی استحکام کو یقینی بنائینگے،موجودہ مشکل وقت میں قومی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کو یقینی بنانا ضروری ہے جیسے ہی مشکل مرحلہ گزرے گا معیشت مزید مستحکم ہوگی، حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا بچت ،کفایت شعاری کا بوجھ منصفانہ طور پر سب کو برداشت کرنا ہوگا،معاشرے کے مراعات یافتہ اور اشرافیہ طبقات کو ضروری ایڈجسٹمنٹ برداشت کرنے میں خود مثال قائم کرنی چاہیے۔

اجلاس میں زور دیا گیا کفایت شعاری، سادگی اور بچت ہدایات صنعت ، زرعی شعبے پر لاگو نہیں ہوں گی تاکہ ملکی پیداوار، برآمدات ،غذائی تحفظ متاثر نہ ہو،کفایت شعاری اور بچت پرحتمی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان پیر کو کیاجائے گا۔

بریفنگ میں کہا گیا ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ،کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے حکومت نے پیشگی انتظامات کر رکھے ہیں ،توانائی کے استعمال میں دانشمندانہ انتظام اور ایندھن کے محتاط استعمال کی ضرورت ہے،حکام نے کہا وزارت آئی ٹی سرکاری وسائل کی بچت ،توانائی کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کےلئے طلب و رسد کی مستقل نگرانی کے نظام کی سہولت فراہم کرے گی تاکہ متعلقہ ادارے بروقت فیصلے کر سکیں۔

علاوہ ازیں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے بھی حالیہ عالمی کشیدگی کے پیش نظر صوبوں میں معاشی سرگرمیوں، توانائی کے استعمال اور انتظامی تیاریوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔