حادثات کے مقدمات چیئرمین این ایچ اے، آئی جی موٹروے کیخلاف درج کرنے کا حکم
کراچی:(بیورورپورٹ)حادثات کے مقدمات چیئرمین این ایچ اے ، آئی جی موٹروے کےخلاف درج کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
ہائی ویز کی خراب صورتحال اور ٹریفک حادثات کےخلاف درخواست پر سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، این ایچ اے اور موٹروے پولیس حکام عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے این ایچ اے حکام پر اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا این ایچ اے ہائی ویز کی بہتری کےلئے کیا کام کر رہی ہے؟ممبر جنوبی این ایچ اے عبدالطیف مہیسر نے بتایا11 منصوبے اور سکیمز موجود ہیں، این ایچ اے سندھ کے تحت بحالی منصوبے بھی جاری ہیں،جسٹس نثار بھنبرو نے استفسار کیا آپ کو علم ہے حادثات میں کتنے لوگ جاں بحق ہوئے ہیں؟ موٹر وے اور ہائی ویز پر ایمرجنسی سہولیات موجود ہیں؟ممبر جنوبی این ایچ اے نے کہا ایم نائن موٹروے پر نوری آباد کے مقام پر ٹراما اور ریسکیو سینٹر موجود ہے۔
جسٹس نثار بھنبھرو نے ریمارکس دئیے این ایچ اے سب سے ناکارہ ادارہ، ناکارہ لوگوں کو دفتروں میں رکھا ہوا ہے،وکیل این ایچ اے نے کہا حادثات صرف ہائی ویز پر نہیں دیگر اہم سڑکوں پر بھی ہوتے ہیں، لائسنس اور فٹنس کےلئے صوبہ ذمہ دار ہے، ایکسل لوڈ سے متعلق سندھ حکومت کو متعدد بار کہا ہے، سندھ حکومت سے کہا ہے ایسی گاڑیوں کو موٹرویز پر آنے سے روکیں،جسٹس نثار بھنبرو نے ریمارکس دئیے پیسے بھی تو آپ لے رہے ہیں، این ایچ اے سیفٹی آرڈننس پڑھیں صوبائی پولیس کی ذمہ داری ہے یا موٹروے پولیس کی۔
عدالت نے ریمارکس دئیے ہائی ویز پر حادثات کے مقدمات چیئرمین این ایچ اے اور آئی جی موٹرویز کےخلاف درج کیا جائے، ہائی ویز پر ٹریفک بند ہوا تو نقصان این ایچ اے کو بھرنا ہوگا،جسٹس نثار بھنبرو نے ریمارکس میں کہا ہم موٹر وے پولیس کو کہہ دیتے ہیں جہاں سڑک خراب ہو وہاں ٹریفک روک دیں، ہم ہائی ویز سندھ حکومت کے حوالے کرتے ہیں، ہم ان سے کام کرا لیں گے،وکیل این ایچ اے نے کہا ایم نائن کےلئے دی گئی زمین کی منتقلی سندھ حکومت نے ختم کر دی۔
جسٹس سلیم جیسر نے کہا وفاق نے ادائیگی نہیں کی تو منتقلی منسوخ کی،جسٹس نثار بھنبرو نے استفسار کیا سکھر سے اسلام آباد سفر کیا ہے؟ کیا اتنی دیر میں ہالہ سے سکھر پہنچ سکتے ہیں؟جسٹس سلیم جیسر نے ریمارکس دئیے سندھ کےساتھ سوتیلی ماں والا سلوک کیوں کیا جاتا ہے؟ کراچی میں پل گرا تھا مقدمہ چیئرمین کےخلاف درج ہونے کے بعد کوئی پل نہیں گرا،ممبر جنوبی این ایچ اے نے بتایا انڈس ہائی وے مارچ میں مکمل بحال کر دیا جائےگا جس پر عدالت نے سوال اٹھایا مارچ تک حادثات کا ذمہ دار کون ہوگا؟ جسٹس سلیم جیسر نے ریمارکس دئیے معاملے پر تفصیلی حکم نامہ جاری کریں گے،عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 10 اپریل تک ملتوی کر دی۔


















