سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے کیخلاف اپیل سننے کا اختیار نہیں، آئینی عدالت
اسلام آباد:(بیورورپورٹ) آئینی عدالت نے قرار دیا ہے سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے کےخلاف متوازی اپیل دائر نہیں کی جا سکتی۔
چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان نے تحریری فیصلے میں کہا 27ویں ترمیم میں وفاقی آئینی عدالت کو سپریم کورٹ کے فیصلوں پر نگرانی یا اپیل سننے کا اختیار نہیں ملا،آئین لامتناہی مقدمہ بازی کی اجازت نہیں دیتا، قانونی جنگ کا کہیں نہ کہیں اختتام ضروری ہے، زمین کے معاوضے کا جھگڑا عوامی اہمیت کا حامل نہیں بلکہ نجی معاملہ ہے، آرٹیکل 184(3) کا غیر معمولی اختیار صرف عوامی مفاد کےلئے ہے، انفرادی شکایات کےلئے نہیں۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے سپریم کورٹ کے 12 ستمبر 2024 کے حکم کےخلاف دائر نظرثانی درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلے میں لکھا سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے کو اصلاحی نظرثانی کے نام پر دوبارہ نہیں کھولا جا سکتا،آرٹیکل 188 کے تحت نظرثانی کا حق محدود ہے سپریم کورٹ سے نظرثانی مسترد ہونے کے بعد معاملہ ختم ہو جاتا ہے۔


















