لاہور: (نمائندہ خصوصی)صدر ن لیگ نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت لاہور ہیرٹیج ایریازریوائیول (لہر)پرخصوصی اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں قدیمی اورتاریخی عمارتوں کی بحالی کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا،لاہور کے مال روڈ پر ہر قسم کے احتجاجی جلسے، جلسوں پرپابندی کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا، شاہی قلعہ کے تمام حصوں کو مکمل طورپر قدیمی حالت میں بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا، 40ایکڑ پر محیط شاہی قلعہ میں 26یادگاروں کو اصل صورت میں بحال کیا جائے گا۔
اجلاس میں تاریخی عمارتوں کی بحالی اوردیکھ بھال کیلئے ٹورازم ڈیپارٹمنٹ میں نیاونگ بنانے کی تجویزکا بھی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں کھڑک سنگھ حویلی اورپرانے سرونٹ کوائٹر زکو بحال کرکے ٹورازم کے فروغ کیلئے ہوٹل بنانے پر اتفاق کیا گیا، اجلاس میں مقبرہ جہانگیر کو براہ راست روڈ سے منسلک کرنے کیلئے پل بنانے کی منظوری دی گئی، مقبرہ جہانگیر تک پل کی تعمیر کیلئے ڈیڈ لائن دےدی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پورے والڈ سٹی سے بجلی اوردیگرتاروں کوہٹانے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا، رنگ محل سکول کو قدیمی شکل میں بحال کرنے کا پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، مقبرہ نورجہاں اور آصف جاں، ٹولنٹن مارکیٹ تا لاہوری گیٹ،کچہری چوک تا نیلا گنبدکی بحالی اورتزئین نو کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ناصر باغ انڈرگراونڈ پارکنگ،ریلوے سٹیشن چوک اورمصری شاہ کی بحالی کے پراجیکٹ پر رپورٹ پیش کی گئی، شاہ عالم مارکیٹ تا رنگ محل چوک عمارتوں کے بیرونی حصوں کے یکساں قدیمی ڈیزائن کی بحالی کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں پاک ٹی ہاوس کی روایتی اورتاریخی حیثیت بحال کرنے کیلئے خوبصورت اوردلکش بیرونی ڈیزائن کی منظوری دی گئی، منٹو پارک میں کرکٹ گراونڈ اوراکھاڑے کی بحالی کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
مزید بر آں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا سماج دشمن عناصر کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ ضروری ہے کھلا نہیں چھوڑ سکتے،صوبائی دارالحکومت میں مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مجموعی سکیورٹی صورتحال پر غور اور آپریشن ضرب للحق میں کامیابی پر اظہار تشکر اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا،اجلاس میں پاک سرزمین کے دفاع کےلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے کرنل گل فراز اور دیگرشہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی،وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان سے متعلق امور کا جائزہ لیا اور اداروں کے درمیان موثر اشتراک کار پر اظہار اطمینان کیا۔
مریم نواز نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے انخلا پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور دہشت گردوں کی سرکوبی کےلئے مشترکہ اقدامات اشتراک کاراور تعاون کی ضرورت پر زور جبکہ کچہ کے ایریا میں سکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا،وزیر اعلیٰ نے کہا پاکستان اور پاکستان کی لیڈرشپ پر فخر ہے، پاکستان کو مختلف چیلنج کا سامنا ہے لیکن اللہ تعالیٰ کامیابی سے نواز رہا ہے، ایران جنگ کے بعد پنجاب میں ناخوشگوار واقعات سے بچنے کےلئے فوری طور پر امن وامان کنٹرول کرنے پر توجہ مرکوز رکھی، دکھ اور سوگ کی کیفیت میں پولیس کو پرامن مظاہرین سے محبت احترام سے پیش آنے کی ہدایت کی، لاہور پولیس نے مظاہروں کی وجہ سے درپیش صورت حال کو بخوبی سنبھالا اور پرامن مظاہرین کی حفاظت کےلئے موجود ہوتی ہے، مظاہرین کو افطاری بھی پیش کی گئی۔
ادھر وزیراعلیٰ مریم نواز نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجودہندو برادری کو ہولی تہوار کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا رنگوں کا تہوار ہولی بہار آمد کی علامت ہے،ہولی امید کا پیغام ہے وہ امید جو بہتر مستقبل کی خبر دیتی ہے، اقلیتی برادری کو تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر سہولتیں یکساں طور پر فراہم کی جا رہی ہیں،ایسا پنجاب بنا رہے ہیں جہاں ہر شہری خود کو محفوظ، با اختیار اور برابر کا پاکستانی محسوس کرے۔
مال روڈ پر احتجاج ممنوع،سماج دشمن عناصر کو کھلا نہیں چھوڑ سکتے:مریم نواز
















